ہانگ کانگ کو عبرتناک شکست، پاکستان نے ریکارڈ فتح اپنے نام کر لی

شارجہ (پی این آئی ) ایشیاء کپ 2022ء کے چھٹے اور اہم میچ میں پاکستان نے ہانگ کانگ کو 155 رنز سے شکست دیکر سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ شارجہ میں کھیلے جارہے میچ میں ہانگ کانگ کے کپتان نزاکت خان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ کپتان بابراعظم 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ محمد رضوان اور فخرزمان نے 81 گیندوں پر 116 رنز کی شراکت قائم کی اور اس دوران دونوں نے اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں۔

 

فخر زمان 41 گیندوں پر 3 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 53 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ خوشدل شاہ نے انتہائی جارحانہ انداز اپنایا اور 15 گیندوں میں 5 چھکوں کی مدد سے 35 رنز بنا کر ٹیم کو ایک بڑے سکور تک پہنچایا۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں پر 193 رنز بنائے۔محمد رضوان نے 57 گیندوں پر 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 78 رنز بنائے۔ پاکستان کے 194 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہانگ کانگ کا کوئی بھی بیٹر قومی فاسٹ بولرز کا سامنا نہ کرسکا اور پوری ٹیم صرف 38 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔پاکستان کے لیے شاداب خان نے 4 ،نواز نے 3، نسیم شاہ نے 2 اور دھانی نے ایک وکٹ لی ۔ قبل ازیں نزاکت خان نے ٹاس جیتنے کے بعد کہا کہ ہدف کے حصول کے لیے وہ پراعتماد ہیں اور وکٹ ہوم گراؤنڈ کی طرح نظر آرہی ہے۔ پاکستانی کپتان بابراعظم نے اس کے برعکس کہا کہ وہ پہلے بیٹنگ ہی کرنا چاہتے تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں