دبئی(پی این آئی)بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کرکٹر ہربھجن سنگھ نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی کامیابی میں بلے باز رضوان کا بڑا ہاتھ ہے لیکن اس کا کوئی نام نہیں لیتا۔ایشیا کپ سے قبل دبئی میں میڈیا سے گفتگو سابق بھارتی کھلاڑی ہربھجن سنگھ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے آخری میچ کو ایک برس ہونے والا ہے اب ہمیں پرانی باتیں بھول کر آگے جانا چاہیے پیچھے نہیں۔
انہوں نے کہا پاکستان اور بھارت دونوں کی کرکٹ ٹیمیں اچھی ہیں لیکن مسئلہ صرف دباؤ کا ہے اور جو ٹیم دباؤ میں چلی جائے وہ کامیابی سے بہت دور چلی جاتی ہے اور اپنی پسند کا نتیجہ حاصل نہیں کر پاتی۔ کوشش ہونی چاہیے کہ ٹیم جیسی بھی ہو میدان میں جا کر اچھے کھیل کا مظاہرہ کرے۔سابق بھارتی کھلاڑی نے کہا کہ بھارتی ٹیم ایک برس سے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیلتی آ رہی ہے اور تیاری بھی اچھی ہے اس لیے نتیجہ مختلف ہو گا۔ بھارتی کھلاڑی جسپریت بمرا اور شامی کے نہ ہونے سے بڑا فرق پڑا ہے تاہم بھارتی ٹیم بیٹنگ میں پاکستان سے بہتر ہے لیکن پاکستان کی بولنگ بھارت سے قدرے اچھی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں