پاک بھارت ٹاکرا، قومی سکواڈ میں شامل 11ممکنہ کھلاڑیوں کے نام سامنے آگئے

دبئی (پی این آئی) پاک بھارت ٹاکرے کیلئے قومی ٹیم کی ممکنہ 11 کے نام سامنے آگئے۔ تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ میں بھارت کیخلاف ہائی وولٹج ٹاکرے کیلئے پاکستانی ٹیم بڑا سرپرائز دینے کیلئے تیار ہے۔ نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق روایتی حریف بھارت کیخلاف ٹاکرے کیلئے بابر اعظم کی قیادت میں پاکستانی ٹیم 3 فاسٹ باولر کے ساتھ میدان میں اترے گی، جبکہ 2 اسپنرز بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

 

ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اتوار کے روز بھارت کیخلاف میچ کیلئے جو پاکستانی ٹیم دبئی کے کرکٹ گراونڈ میں اترے گی اس میں کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، فخر زمان، حیدر علی، آصف علی، خوشدل شاہ، شاداب خان، محمد نواز، نسیم شاہ، حارث روف اور محمد حسنین شامل ہوں گے۔جبکہ ایشیاء کپ کے لیے قومی ٹیم میں سرپرائز انٹری پانے والے حسن علی بھارت کیخلاف میچ میں پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں بن سکیں گے۔ذرائع کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی کے لیے آج شب لاہور سے دبئی روانگی کی فلائٹ پر بکنگ ہوئی ہے، جو اتوار کی صبح دبئی پہنچے گی جب کہ ٹیم مینجمنٹ ان کو جاتے ہی میچ کھلانے کے حق میں نہیں۔ اسی لیے فیصلہ کیا گیا کہ بھارت کے خلاف ایشیاء کپ کے سکواڈ میں فاسٹ بولر نسیم شاہ، حارث رؤف کے علاوہ محمد حسنین پر مشتمل بولنگ اٹیک بھارت کے خلاف پلیئنگ الیون کا حصہ ہوگا۔واضح رہے کہ ایشیا کپ ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ میں روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ (کل) اتوارکو دبئی میں کھیلا جائے گا،قومی ٹیم بابر اعظم کی قیادت میں میدان میں اترے گی جبکہ بھارت کو روہیت شرما لیڈ کریں گے۔ ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم اپنی مہم کا آغاز اتوارکو روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ سے کرے گی۔

 

 

میچ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں شام 7 بجے شروع ہو گا۔پاکستانی ٹیم مایہ ناز بیٹر بابر اعظم کی زیر قیادت میدان میں اترے گی،نمایاں کھلاڑیوں میں شاداب خان، محمد رضوان اور فخر زمان شامل ہیں، بھارت کو جارح مزاج بیٹر روہیت شرما لیڈ کر رہے ہیں اور انہیں ویرات کوہلی، روندرا جدیجا، روی چندرن ایشون جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہیںِ، ایونٹ میں پاکستان اپنا دوسرا اور آخری گروپ میچ 2 ستمبر کو ہانگ کانگ کے خلاف کھیلے گا، ٹورنامنٹ کا فائنل 11 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں