اسلام آباد (پی این آئی )22 سالہ نوجوان فاسٹ باولر محمد حسنین کو انجری کا شکار ہونے والے باولر شاہین شاہ آفریدی کی جگہ ٹی ٹوینٹی ایشیا کپ کیلئے قومی سکواڈ کا حصہ بنا لیا گیاہے ۔تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ کا آغاز متحدہ عرب امارات میں 27 اگست سے ہو گا جو کہ 11 ستمبر تک جاری رہے گا ، یاد رہے کہ شاہین شاہ آفریدی گٹھنے کی انجری کا شکار ہونے کے بعد ایشیا کپ سے باہر ہو گئے ہیں کیونکہ ڈاکٹرز نے انہیں لمبے عرصے کے آرام کا مشورہ دیاہے ۔
محمد حسنین اب تک 18 ٹی ٹوینٹی انٹر نیشنل میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 17 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں، دی ہنڈرڈ ز کھیلنے کے سلسلے میں وہ انگلینڈ میں موجود ہیں ۔ دوسری جانب آصف علی ، حیدر علی ، افتخار اور عثمان قادر منگل کی صبح پاکستان سے دبئی کیلئے روانہ ہوں گے اور سکواڈ کو جوائن کریں گے وہ نیدر لینڈ کے ٹور کیلئے اعلان کردہ 16 رکنی سکواڈ میں شامل عبداللہ شفیق، امام الحق، محمد حارث ، سلمان علی آغااور زاہد محمود کی جگہ لیں گے ۔ٹورنامنٹ میں پاکستان اپنا پہلا میچ 28 اگست کو بھارت کے خلاف کھیلے گا ، قومی کرکٹ ٹیم اپنا دوسرا میچ شارجہ میں دو ستمبر بروز جمعہ کو کوالیفائر ٹیم سے کھیلے گی ، سپر فور کے میچز تین سے نو ستمبر تک کھیلے جائیں گے ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں