پاکستان کی فٹبال ٹیموں پر انٹرنیشنل فٹبال کے دروازے کھل گئے ، فیفا نے انٹرنیشنل رکنیت بحال کر دی

اسلام آباد(پی این آئی)فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے پاکستان کی انٹرنیشنل رکنیت بحال کردی۔ذرائع کے مطابق فیفا نے پاکستان فٹبال پر عائد پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کردیا جس کے بعد پاکستانی ٹیموں پر انٹرنیشنل فٹبال کے دروازے کھل گئے۔اس کے علاوہ رکنیت بحال ہونے کی وجہ سے ملکی سطح پر فٹبال کی سرگرمیوں کا سلسلہ بھی بحال ہوگا۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن کی نارملائزیشن کمیٹی ( این سی) کے چیئر مین ہارون ملک کا کہنا ہے کہ فٹبال برادری کو مبارک باد، ہماری انتھک محنت اور فٹبال فیملی کی دعائیں رنگ لے آئیں،انہوں نے بتایا کہ فیفا نے این سی کے مینڈیٹ میں بھی ایک سال کی توسیع کردی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ فٹبال کی بحالی، پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے الیکشنز کا انعقاد اور اثاثہ جات کی واپسی ہماری اولین ترجیح ہو گی۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال پاکستان فٹبال فیڈریشن کے دفاتر پر اشفاق حسین گروپ کے قبضے کے بعد فیفا نے پاکستان کی رکنیت کو معطل کردیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں