کراچی(پی این آئی) کرکٹ کے شائقین کیلئے خوشی کی امید سامنے آئی ہے کیونکہ پاکستان بمقابلہ بھارت میچ کے روشن امکان پیدا ہوئے ہیں ،سری لنکا نے ایشیاکپ کرانے کی امید ظاہر کر دی ہے۔تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا سے تاحال کامیاب سیریز نے سری لنکن بورڈ کے حوصلے بلند کر دیے ہیں اور وہ میگا ایونٹ کی میزبانی بچانے کیلیے بھی پْرامید ہے، آئی لینڈرز کو پاکستان سے ہوم ٹیسٹ میچز کے ساتھ لنکا پریمیئر لیگ بھی منعقد کرنا ہے۔
سری لنکن بورڈ حکام ایشیائی شوپیس ایونٹ سے قبل تمام مقابلے شیڈول کے تحت ہونے کیلیے پْراعتماد ہیں۔واضح رہے کہ ایشیا کپ کا آغاز 27 اگست سے ہونا تھا،البتہ اب یکم ستمبرسے انعقاد کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں، ایونٹ میں 5 ٹیسٹ کھیلنے والے ممالک پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان شریک ہوں گےجس سے پاک بھارت ٹاکرا دیکھنے والوں کی خواہشیں بھی پوری ہوں گی البتہ چھٹی ٹیم کا انتخاب کوالیفائنگ مرحلے کے ذریعے ہونا ہے۔ اس مرتبہ ایشیا کپ کا انعقاد آسٹریلیا میں شیڈول ورلڈ کپ کے تناظر میں ٹی 20 فارمیٹ میں ہی ہوگا۔واضح رہے کہ دفاعی چیمپئن بھارت نے 2018 کے ون ڈے فارمیٹ میں کھیلے جانے والے ایونٹ میں بنگلہ دیش کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد فائنل میں شکست دی تھی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں