ویرات کوہلی کو ایک اور میدان میں پیچھے چھوڑ دیا، بابراعظم کرکٹ کی تاریخ میں امر ہو گئے

لاہور (پی این آئی) بابر اعظم بطور کپتان 15 سے کم میچز میں 1 ہزار رنز بنانے والے دنیا کے واحد بلے باز بن گئے۔ تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز کیخلاف ایک روزہ سیریز کے پہلے میچ میں بابر اعظم تاریخ میں امر ہو گئے، ایک ہی میچ میں 2 عالمی ریکارڈ بنا ڈالے۔ بابر اعظم نے بطور کپتان صرف 13 ایک روزہ میچز میں 1 ہزار رنز بنانے والے دنیا کے واحد بلے باز ہونے کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔

 

بھارت کے کپتان ویرات کوہلی نے بطور کپتان 17 اننگز میں 1 ہزار رنز بنائے تھے۔ جبکہ پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ون ڈے کرکٹ میں 17ویں سنچری بنانے کے بعد ایک اور انوکھا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ آئی سی سی کے نمبر 1 رینکنگ بلے باز اب ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں دو بار لگاتار تین سنچریاں بنانے والا واحد بلے باز ہے۔پاکستان کے کپتان نے مارچ اپریل میں آسٹریلیا کے خلاف آخری دو ون ڈے میچوں میں دو سنچریاں سکور کی تھیں۔بابر نے دوسرے ون ڈے میں 114 (83 گیندیں) اور آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ون ڈے میں 105 (115 گیندیں) رنز سکور کیے تھے جب کہ پاکستان نے تین میچوں کی سیریز 2-1 سے اپنے نام کی۔ 2016ء میں بابر نے متحدہ عرب امارات میں اسی اپوزیشن کے خلاف اپنی پہلی سنچری کی ہیٹ ٹرک کی۔

 

انہوں نے پہلے ون ڈے میں 120، شارجہ میں دوسرے ون ڈے میں 123 اور ابوظہبی میں تیسرے ون ڈے میں 117 رنز بنائے اور 2016 میں اپنی پہلی سنچری کی ہیٹ ٹرک کی۔بابر 17 سنچریوں کے ساتھ پاکستان کے لیے سب سے زیادہ سنچری بنانے والے دوسرے کھلاڑی بھی ہیں، وہ صرف سعید انور سے پیچھے ہیں جنہوں نے 20 سنچریاں اپنے نام کی تھیں۔ بابر مسلسل تین سنچریاں بنانے کا ریکارڈ رکھنے والے تیسرے پاکستانی بلے باز ہیں۔ اس فہرست میں سعید انور اور ظہیر عباس جیسے لیجنڈز شامل ہیں۔ کسی بھی بلے باز کی جانب سے مسلسل سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا ریکارڈ سری لنکا کے وکٹ کیپر بلے باز کمارا سنگا کارا کے پاس ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں