آسٹریلیا کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ سے قبل قومی ٹیم کو بڑا جھٹکا لگ گیا، اہم ترین کھلاڑی کورونا وائرس کا شکار ہو گیا

راولپنڈی (پی این آئی)پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے آل راؤنڈر فہیم اشرف کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی وجہ سے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔28 سالہ فہیم اشرف ہیمسٹرنگ کی انجری کی وجہ سے راولپنڈی میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ میچ بھی نہیں کھیل سکے تھے۔ بدھ کو کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق فہیم اشرف کو کراچی میں ہوٹل پہنچنے پر کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

 

اب وہ پانچ دن کے لیے آئسولیشن میں رہیں گے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کا سیریز کا دوسرا میچ سنیچر سے کراچی میں شروع ہوگا جبکہ راولپنڈی میں پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہوگیا تھا۔ فہیم اشرف نے اب تک 13 ٹیسٹ میچوں میں 632 رنز بنائے ہیں اور 22 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ فہیم اشرف حالیہ سیریز میں کورونا کا شکار ہونے والے دوسرے پاکستانی کھلاڑی ہیں، اس سے قبل فاسٹ بولر حارث رؤف بھی کورونا کا شکار ہوئے تھے۔آسٹریلین ٹیم کے بولنگ کنسلٹنٹ فواد احمد بھی کورونا کا شکار ہوئے تھے۔ خیال رہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم 24 سال کے بعد پاکستان کا دورہ کر رہی ہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 21 مارچ سے لاہور میں کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد تین ایک روزہ میچز اور ایک ٹی 20 میچ راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں