کراچی (پی این آئی) پاکستان سپر لیگ سیزن 7 کے 13 ویں میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 57 رنز سے شکست دیدی ہے۔ کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ ملتان سلطان کے اوپنرز شان مسعود اور کپتان محمد رضوان نے ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا۔
شان مسعود نے 25 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 35 رنز کی اننگز کھیلی اور جب ٹیم کا سکور 85 رنز پر پہنچا تھا تو شعیب ملک کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ کپتان محمد رضوان نے نصف سنچری مکمل کی۔ صہیب مقصود نے 127 کے سکور تک کپتان کا ساتھ دیا اور ایک چوکے اور چھکوں کی مدد سے 27 رنز کھیل کر عثمان قادر کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ واضح رہے کہ ملتان سلطانز لیگ میں ناقابلِ شکست ٹیم رہی ہے جبکہ پشاور زلمی کو چار میں سے دو میچز میں فتح حاصل ہوسکی ہے۔ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے وہاب ریاض نے بتایا کہ پشاور زلمی کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے اور حسین طلعت کی جگہ ثاقب محمود کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جب کہ ملتان کی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
پشاور زلمی کی ٹیم میں کپتان وہاب ریاض،کامران اکمل ، حضرت اللہ زازئی ، حیدرعلی، شعیب ملک، ردرفورڈ، بین کٹنگ، ثاقب محمود، محمد عمر ، عثمان قادر اور سلمان ارشاد شامل ہیں۔ ملتان سلطانز میں کپتان محمد رضوان ، شان مسعود،صہیب مقصود، جانسن چارلس ، ٹِم ڈیوڈ، خوشدل شاہ، انور علی ، عباس آفریدی ، عمران طاہر، موزاربانی اور شاہ نواز دہانی شامل ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں