لاہور (پی این آئی ) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر اور پی ایس ایل 7 میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنے والے شاہنواز دھانی نے مستقبل میں پاکستان کا وزیرخارجہ بننے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ شاہنواز دھانی کی ایک ویڈیو پی ایس ایل کے ٹویٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی جس میں وزیرخارجہ، دلوں کا فاتح جیسے القابات لکھے گئے اور ساتھ ہی سوال کیا گیا کہ شاہنواز دھانی اور مزید کتنے خطاب لے سکیں گے۔
شاہنواز دھانی نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’ورلڈ کپ میں سب کہتے تھے کہ شاہنواز دھانی ہماری ٹیم کا وزیر خارجہ ہے، میں ورلڈ کپ میں غیر ملکی کرکٹرز سے ملا، مہندرا سنگھ دھونی اور راشد خان سے بھی ملا۔ شاہنواز دھانی نے بتایا کہ جو بھی ٹیم ہارتی تھی وہ ان کے کھلاڑیوں سے جا کر ضرور ملتے تھے۔انہوں نے کہا کہ اگر موقع ملا تو وہ ضرور پاکستان کے وزیر خارجہ بنیں گے۔دھانی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل ہو یا پاکستان کی نمائندگی میں اسی مسکراہٹ کے ساتھ کرکٹ کھیلتا ہوں اور ہمیشہ اسی مسکراہٹ کے ساتھ کرکٹ کھیلتا رہوں گا کیونکہ لوگ مجھے ایسے ہی پسند کرتے ہیں۔ ویڈیو کے آخر میں شاہنواز دھانی نے کہا کہ شائقین اب پی ایس ایل میں جشن منانے کا نیا انداز دیکھیں گے اور اسے پسند بھی کریں گے‘۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں