پی ایس ایل 7: حارث رئوف نے کتنی رفتار سے گیند پھینک دی؟ تیز ترین بالر کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا

کراچی (پی این آئی ) حارث روف پی ایس ایل کی تاریخ کی سب سے تیز گیند کروانے والے فاسٹ باولر بن گئے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے پی ای ایس 7 کے تیسرے میچ میں لاہور قلندرز کے حارث روف نے اہم اعزاز اپنے نام کر لیا۔ لاہور قلندرز کے پیسر کی جانب سے ملتان سلطانز کے خلاف میچ کے دوران 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کروائی گئی، جو کہ پی ایس ایل کی تاریخ میں کسی بھی فاسٹ باولر کی جانب سے کروائی گئی تیز ترین گیند ہے۔

دوسری جانب پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دیدی ۔ ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔لاہور قلندرز کی جانب سے فخر زمان اور عبداللہ شریف نے دھواں دھار آغاز کیا ، فخر زمان نے صرف 22 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی جو لاہور قلندرز کی جانب سے پی ایس ایل میں سکور کی جانے والی مشترکہ طور پر تیزترین نصف سنچری ہے، اس سے قبل عمر اکمل نے 2016ء میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کرس لین نے 2020ء میں ملتان سلطانز کیخلاف اتنی ہی گیندوں پر نصف سنچری بنائی تھی ۔عبداللہ شفیق 24 رنز بنا کر عمران طاہر کا شکار بنے،لاہور کی دوسری وکٹ 117 رنز پر گر گئی، آؤٹ ہونے والے کھلاڑی فخر زمان تھے جنہوں نے شاندار 76 رنز بنائے۔ لاہور قلندرز کی طرف سے دیگر کھلاڑیوں میں محمد حفیظ 16، کامران غلام 43 اور بین ڈنک 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ لاہور قلندرز نے تمام اوورز کھیلتے ہوئے 206 رنز سکور کیے اور مخالف ٹیم کو فتح کے لیے 207 رنز کا ہدف دیا۔ملتان سلطانز کی طرف سے عمران طاہر، خوشدل شاہ، ڈیوڈ ویلی، شاہنواز ڈاہانی اور احسان اللّٰہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ملتان سلطانز نے ہدف کے تعاقب میں جارحانہ آغاز کیا، شان مسعود اور کپتان محمد رضوان نے نصف سنچریاں بنائیں ۔ شان مسعود نے 83 رنز کی شان دار اننگز کھیلی اور اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں راشد خان کی گیند کو سمجھ نہ سکے اور وکٹیں گنوا بیٹھے۔محمد رضوان نے 42 گیندوں پر 69 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی اور شاہین شاہ آفریدی نے ان کو بولڈ کردیا ۔حارث رؤف نے روسو کی وکٹ حاصل کی۔ قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے 19 ویں اوو میں نپی تلی باؤلنگ کرتے ہوئے ٹم ڈیوڈ اور صہیب مقصود کی وکٹیں حاصل کیں۔ سلطانز کو آخری اوور میں جیت کے لیے 16 رنز درکار تھے اور نئے بلے باز خوشدل شاہ نے حارث رؤف کے آخری اوور کی ابتدائی تین گیندوں پر چوکے رسید کیے اور چوتھی گیند پر چھکا مار کر ٹیم کو 5 وکٹوں کی شان دار فتح دلائی۔اس سے قبل جمعرات سے شروع ہونے والے ایونٹ کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپیئن ملتان سلطانز نے محمد رضوان کی قیادت میں اپنا کامیاب آغاز کیا تھا اور کراچی کنگز کو باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ لاہور قلندرز آج اپنا پہلا میچ کھیل رہی ہے اور رواں ایڈیشن میں ٹیم کی قیادت نوجوان شاہین شاہ آفریدی کر رہے ہیں۔

دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک پانچ میچز کھیلے گئے ہیں جن میں سے 3 میں ملتان نے اور 2 میں لاہور نے کامیابی حاصل کر کھی ہے۔میچ کے لیے ملتان سلطانز کی ٹیم میں محمد رضوان (کپتان)، شان مسعود، صہیب مقصود، رائلی روسوو، ٹِم ڈیوڈ، خوشدل شاہ، ڈیوڈ وِلی، عمران خان، شاہنواز دھانی، عمران طاہر اور احسان اللہ شامل ہیں جب کہ لاہور قلندرز کی ٹیم شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، فخر زمان، عبداللہ شفیق، محمد حفیظ، کامران غلام، سمت پٹیل، بین ڈنک، ڈیوڈ ویزے، راشد خان، حارث رؤف اور زمان خان پر مشتمل ہے۔واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ 2022ء کے میچز دو مرحلوں میں کھیلے جائیں گے، پہلا مرحلہ کراچی اور دوسرا لاہور میں منعقد ہوگا۔ لیگ میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے کراچی میں صرف 25 فیصد شائقین کے ساتھ میچز کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس کے تحت صرف 8 ہزار شائقین کو سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہو گی۔ 6 ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ میں 34 میچز کھیلے جائیں گے اور 32 دنوں میں ٹورنامنٹ مکمل ہوجائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں