محمد رضوان نے اپنی پاور ہٹنگ کا کریڈٹ کن دو سینئر کھلاڑیوں کو دیدیا؟ راز کی بات بتا دی

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کے اوپننگ بلے باز محمد رضوان نے اپنی پاور ہٹنگ کو بہتر بنانے میں مدد کا سہرا شاہد آفریدی اور محمد حفیظ کو دیا ہے۔ 29 سالہ وکٹ کیپر بلے باز نے کرک انفو کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنی پاور ہٹنگ پر تھوڑا سا کام کیا ہے۔ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے پہلے حفیظ بھائی اور شاہد بھائی نے مجھے کچھ اس پر کام کرنے کیلئے کچھ مشورے دیئے تھے۔

رضوان نے 2021ء میں مجموعی طور پر 2036 رنز بنائے۔ اس میں سے 1326 رنز ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل مقابلوں میں سکور کیے گئے ہیں جو کیلنڈر ایئر میں کسی بھی بلے باز کی بہترین کارکردگی ہے ۔ اوپنر نے کراچی کنگز کیخلاف نصف سنچری کے دوران 3 چھکے لگائے اور2021ء میں سب سے زیادہ چھکے (42) مارنے کا ریکارڈ بھی ان کے پاس ہے، نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل نے اس سال 41 چھکے لگائے تھے۔انہیں اس ہفتے کے شروع میں آئی سی سی ٹی ٹونٹی کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔ رضوان نے 2021ء میں 119 چوکے بھی لگائے اور ایک کیلنڈر ایئر میں 100 چوکے لگانے والے واحد بلے باز بھی بن گئے۔ وکٹ کیپر بلے باز نے مزید کہا کہ آفریدی اور حفیظ دونوں نے مجھے اپنے سٹانس اور توازن پر کام کرنے کو کہا۔ ان کا کہنا تھا کہ شاہد بھائی نے کہا کہ جب آپ بائولر کا سامنا کرنے والے ہوں تو اپنا سر بالکل ساکن رکھیں۔ حفیظ بھائی نے میرے سٹانس اور توازن کو برقرار رکھنے اور شاٹس کے بارے میں فیصلہ سازی میں بھی مدد کی جیسا کہ کونسی شاٹس آپ کو کیسے رزلٹ دیں گی اور کچھ شاٹس میں مزید طاقت کیسے پیدا کی جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close