پاکستانی کرکٹر کا اچانک انتقال، دنیائے کرکٹ سوگ میں ڈوب گئی

کراچی (پی این آئی ) پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور سلیکٹر آفتاب بلوچ کراچی میں انتقال کرگئے ، ان کی عمر 68 سال تھی ،انہوں نے 1969ء میں ڈھاکہ میں نیوزی لینڈ کے خلاف 16 سال کی عمر میں ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا۔ آفتاب بلوچ نے ڈرا ہوئے ٹیسٹ میں اپنی واحد اننگز میں 25 رنز بنائے اور انہیں اپنے دوسرے اور آخری ٹیسٹ کے لیے 6 سال انتظار کرنا پڑا جس میں انہوں نے لاہور میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 12 اور 60 رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔

آفتاب بلوچ ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے چھٹے سب سے کم عمر کھلاڑی ہیں اور 74-1973ء کے سیزن میں بلوچستان کے خلاف سندھ کے کپتان کے طور پر کراچی میں 584 منٹ میں 25 چوکوں کی مدد سے بنائے گئے 428 رنز کے لیے یاد کیے جاتے ہیں ۔ اسی میچ میں جاوید میانداد نے اپنا آٹھواں فرسٹ کلاس میچ کھیلتے ہوئے 100 رنز بنائے اور آفتاب کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے 174 رنز جوڑے جب سندھ نے بلوچستان کے 93 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز 7 وکٹوں پر 951 رنز پر ڈکلیئر کر دی اور پھر مہمان ٹیم کو دوسری اننگز میں 283 رنز پر ڈھیر کردیا۔آفتاب بلوچ نے اپنے 172 میچوں کے فرسٹ کلاس کیریئر کا اختتام 41.68 کی اوسط سے 9171 رنز اور 31.62 کی مدد سے 223 وکٹیں لیکر کیا۔ ریٹائرمنٹ کے بعد آفتاب بلوچ نے پاکستان انڈر 19 ٹیم منیجر کے ساتھ ساتھ جونیئر سلیکٹر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔ وہ اس وقت سندھ کرکٹ ایسوسی ایشن کے رکن تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close