پاکستانی لیجنڈ کھلاڑی شاہد آفریدی اور شعیب اختر کی کرکٹ میں واپسی

لاہور (پی این آئی)پاکستان کے لیجنڈ کھلاڑی شاہد خان آفریدی اور شعیب اختر کرکٹ میں واپسی کیلئے تیار ہیں۔ دونوں جلد ایکشن میں نظر آئیں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شعیب اختر اور شاہد آفریدی آئندہ سال خلیجی ملک عمان میں منعقد ہونے والے ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہے ہیں۔دونوں کھلاڑی ایشیا لائنز ٹیم کی جانب سے اپنا کھیل پیش کرینگے۔ لیجنڈ لیگ کے چیف ایگزیکٹو رمن راہیجا کا پریس ریلیز میں کہنا تھا کہ ایشیا لائنز میں سابق لیجنڈ کھلاڑیوں کو اکھٹا کر دیا گیا ہے۔

اس میں پاکستان کی جانب سے یونس خان، عمر گل، محمد یوسف، شعیب ملک، محمد حفیظ، مصباح الحق اور اظہر محمود بھی شامل ہونگے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ سری لنکا کی جانب سے رومیش کالو ویتھرانا، تلکارتنے دلشان، اوپل تھرنگا، چمندا واس، چمندا واس اور سنتھ جے سوریا جیسے سٹارز کو بھی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ خیال رہے کہ اس ٹورنامنٹ میں انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ روی شاستری کو کمشنر تعینات کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں اس کیلئے بہت پرجوش ہوں۔

تماشائیوں کو ایک ہی ٹیم میں افغانستان، بنگلا دیش، سری لنکا، انڈیا اور پاکستان کے ممتاز کھلاڑیوں کو دیکھنے کا موقع ملے گا۔ روی شاستری کا کہنا تھا کہ شاہد آفریدی، شعیب اختر، مرلی دھرن اور چمندا واس جیسے کھلاڑیوں کو ایک ساتھ کھیلتے دیکھنا کسی خواب سے کم نہیں ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس لیگ میں دو ٹیمیں اور بھی ہونگی جس میں انڈیا اور دیگر غیر ملکی کھلاڑیوں کو شامل کیا جائے گا، تاہم ان کے سکواڈ کا اعلان ابھی نہیں کیا گیا ہے۔

close