پاکستان سپر لیگ سیون: محمد عامر کونسی ٹیم کا حصہ ہوں گے؟ مداحوں کو خوشخبری سنا دی

لاہور (پی این آئی) قومی ٹیم کے سابق بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز محمد عامر نے تصدیق کی ہے کہ وہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آئندہ ساتویں ایڈیشن کے لیے کراچی کنگز کے ساتھ رہیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی طرف سے اعلان کردہ کیٹیگری کی تجدید کے مطابق پلاٹینم کیٹیگری سے تنزلی پر رضامند ہونے کے بعد عامر کو ڈائمنڈ کیٹیگری میں برقرار رکھا جائے گا۔

اس سے قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ عامر اس فیصلے سے ناخوش ہیں اور انہوں نے کراچی کنگز کی انتظامیہ سے درخواست کی ہے کہ یا تو انہیں پی ایس ایل 2022ء کے ڈرافٹ کے لیے ریلیز کیا جائے یا پلاٹینم کیٹیگری میں برقرار رکھا جائے۔ کراچی کنگز نے عامر کو بتایا کہ کیٹیگری کی تجدید کا فیصلہ ان کے ہاتھ سے باہر ہے اور یہ فیصلہ صرف اور صرف پی سی بی نے کیا ہے۔عامر کی ڈائمنڈ کیٹیگری کو دیکھتے ہوئے کسی بھی دوسری فرنچائز کے لیے ڈرافٹ میں بائیں ہاتھ کے فاسٹ بائولر کو چننا مشکل ہوتا۔ ہر فرنچائز کو پلاٹینم اور ڈائمنڈ کیٹیگری میں کم از کم ایک غیر ملکی کھلاڑی کا انتخاب کرنا ہوتا ہے جس سے عامر کے ڈرافٹ میں ڈائمنڈ پک کے طور پر منتخب ہونے کے امکانات کم ہوتے۔ 29 سالہ پیسر نے اب انکشاف کیا ہے کہ وہ پی ایس ایل 7 کے لیے کراچی کنگز کے ساتھ رہ رہے ہیں۔

عامر نے ٹویٹر پر یہ انکشاف کیا کہ وہ کہیں نہیں جا رہے ہیں اور آئندہ سیزن میں نیلی جرسی پہنیں گے۔ عامر لیگ کے آغاز سے ہی کراچی کنگز فرنچائز کا حصہ رہے ہیں۔ وہ فرنچائز کی تاریخ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں اور اب تک 59 میچوں میں 29.59 کی اوسط اور 7.38 کی اکانومی ریٹ سے 54 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔

close