کورونا وائرس کی نئی لہر، پاکستان بمقابلہ ویسٹ انڈیز سیریز خطرے میں پڑ گئی، سفری پابندیاں لگنے کا خدشہ

لاہور (پی این آئی ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آج ایک اہم میٹنگ طلب کی ہے جس میں پروڈکشن کمپنی کے عملے کے سفری منصوبے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جو ویسٹ انڈیز کے دورہ پاکستان اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 7 میں کام کرے گا۔ عملے کے ارکان کی ایک بڑی تعداد کا تعلق جنوبی افریقہ، نائیجیریا اور افریقہ کے دیگر حصوں سے ہے جہاں گزشتہ ہفتے COVID-19 کی تازہ ترین شکل ‘Omicron’ دریافت ہوئی تھی جس کے بعد پوری دنیا کی جانب سے ان علاقوں پر سفری پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی نے آج شام ایک میٹنگ بلائی ہے جس میں آئندہ دو بڑے ایونٹس کے لیے افریقی عملے کو پاکستان لانے کے ممکنہ آپشنز پر غور کیا جائے گا۔پاکستان نے افریقی خطے خصوصاً جنوبی افریقہ، موزمبیق، بوٹسوانا اور نمیبیا سے آنے والے مسافروں پر سفری پابندیاں عائد کر دی ہیں۔پی سی بی آئندہ ماہ کراچی میں ویسٹ انڈیز کی تین ٹی ٹونٹی اور اتنے ہی ون ڈے میچز کی میزبانی کرے گا۔مہمان ٹیم 9 دسمبر کو کراچی پہنچے گی۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اومیکرون کی آمد کے بعد افریقہ میں کھیلوں کے مقابلوں کا سلسلہ یا تو ملتوی یا منسوخ ہو گیا تھا۔ ان ایونٹس میں زمبابوے میں آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائرز، جنوبی افریقہ میں جنوبی افریقہ بمقابلہ نیدرلینڈز ون ڈے سیریز، جنوبی افریقہ میں انٹرنیشنل ٹینس ایونٹ اور یونائیٹڈ رگبی چیمپئن شپ شامل ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close