بلے باز کو آئوٹ کرکے نازیبا اشارہ کرنے پر حسن علی کو سخت سزا سنا دی گئی

دبئی ( پی این آئی) پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین کھیلے گئے پہلے ٹی 20 میچ میں بنگلہ دیش کے بلے باز نور الحسن کو آؤٹ کرنے کے بعد نازیبا اشارہ کرنے پر آئی سی سی نے حسن علی کو سزا سنا دی ۔آئی سی سی نے اپنی آفیشل ویب سائٹ پر کہا کہ جمعرات کو ڈھاکہ میں بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹی 20 میچ کے دوران حسن علی کو آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا۔

حسن نے کھلاڑیوں اور کھلاڑیوں کے معاون عملے کے لیے آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.5 کی خلاف ورزی کی ہے، جس کا تعلق “زبان، حرکات یا اشاروں کے استعمال سے ہے جو توہین آمیز ہے یا کسی بلے باز کو جارحانہ رد عمل کیلئے بھڑکا سکتا ہے ۔ آئی سی سی کی جانب سے کہا گیا کہ حسن علی کے تادیبی ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ کا اضافہ کیا گیا ہے ۔واضح رہے کہ گزشتہ روز حسن علی نے بنگلہ دیش کے بلے باز نور الحسن کو آؤٹ کرنے کےبعد اپنا مخصوص جنریٹر سٹائل استعمال کرنے کی بجائے نور الحسن کو میدان چھوڑ کر باہر نکلنے کا اشارہ کیا تھا جسے سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا تھا ۔

گزشتہ روز کے میچ میں حسن علی نے تین وکٹیں حاصل کی تھیں ، وہ پلیئر آف دی میچ بھی قرار پائے تھے جبکہ تین وکٹیں حاصل کرنے کے بعد وہ سال 2021 میں تمام فارمیٹس ( ٹی 20، ٹیسٹ ، ایک روزہ ) میں سب سے زیادہ 64 وکٹیں حاصل کرنے والے باؤلر بھی بن گئے ۔ سال 2021 میں تمام فارمیٹس میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والوں کی فہرست میں شاہین شاہ آفریدی دوسرے نمبر پر ہیں جو رواں سال 62 کھلاڑیوں کو میدان بدر کر چکے ہیں ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close