سب سے زیادہ وکٹیں اور سب سے زیادہ میڈن اوورز۔۔حسن علی کے کیرئیر پر مختصر نظر

لاہور (پی این آئی) انسان کی زندگی میں کوئی ایک عمل یا لمحہ ایسا ہوتا ہے جو ہیرو کو زیرو بنا دیتا ہے۔ شارجہ کپ میں جاوید میانداد چھکا لگا اور 2017 کی چیمپینز ٹرافی میں حسن علی فائنل میں تین وکٹیں لے کر ہیرو بن گئے ۔ حسن علی پاکستان کی طرف سے سنہ 2021 میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں سب سے زیادہ وکٹس لینے والے باؤلر ہونے کے باوجود سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے میتھیو ویڈ کا ایک کیچ چھوڑنے کے باعث ہیرو سے زیرو بن گئے اور کڑی تنقید کا سامنا کر رہےہیں۔

اگر اعداد و شمار کا جائزہ لیا جائے تو حسن علی رواں برس ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلر ہیں۔ انہوں نے سنہ 2021 میں 16 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے اور 22 وکٹیں حاصل کیں۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران بھی حسن علی نے پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔سال 2021 میں پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والوں کی فہرست میں 20 وکٹوں کے ساتھ حارث رؤف کا دوسرا، 17 وکٹوں کے ساتھ شاہین شاہ آفریدی کا تیسرا اور 14 وکٹوں کے ساتھ شاداب خان کا چوتھا نمبرہے۔اگر ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کے مجموعی کریئر کا جائزہ لیا جائے تو حسن علی سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے پاکستانی باؤلرز میں ساتویں نمبر پر ہیں۔

اپنے ٹی ٹوئنٹی کریئر میں 99 میچوں میں 98 وکٹوں کے ساتھ شاہد آفریدی پہلے، 60 میچوں میں 85 وکٹوں کے ساتھ عمر گل دوسرے، 64 میچز میں 85 وکٹوں کے ساتھ سعید اجمل تیسرے نمبر پر ہیں۔پاکستان کی طرف سے شاداب خان نے 59 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں 67 وکٹیں لیں اور وہ چوتھے نمبر پر ہیں۔ 119 میچوں میں 61 وکٹوں کے ساتھ محمد حفیظ پانچویں، 50 میچز میں 59 وکٹوں کے ساتھ محمد عامر چھٹے اور 47 میچوں میں 57 وکٹوں کے ساتھ حسن علی ساتویں نمبر پر ہیں۔اس کے علاوہ حسن علی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں پانچ میڈن اوورز کرانے والے پاکستانی باؤلرز میں بھی شامل ہیں۔ ان کے علاوہ محمد عامر وہ پاکستانی باؤلر ہیں جنہوں نے اپنے کریئر میں پانچ میڈن اوور کیے ہوئے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں