لاہور (پی این آئی) باہمی ٹی ٹونٹی مقابلوں میں پاکستان کو آسٹریلیا پر برتری حاصل ہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 23 میچز میں گرین شرٹس نے 13 اور حریف نے 9 جیتے، ایک مقابلہ بے نتیجہ رہا، ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ مقابلوں میں دونوں ٹیموں نے 3،3 فتوحات حاصل کی ہیں۔ویسٹ انڈیز میں کھیلے گئے 2010ء کے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے میں مائیکل ہسی کی شاندار بیٹنگ کے باعث 3 وکٹ سے مات ہوئی تھی۔
اس بار شکست کا بدلہ چکانے کا موقع ہوگا ، بھارت میں کھیلے گئے 2016ء کے میگا ایونٹ کے باہمی مقابلے میں کینگروز 21 رنز سے سرخرو ہوئے تھے۔ انگلینڈ کے سابق کپتان اور معروف کمنٹیٹر مائیکل ایتھرٹن نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو شکست دینے کے لیے پاکستان کی حمایت کی ہے۔ سکائی سپورٹس سے گفتگو کرتے ہوئے ایتھرٹن نے پاکستان کے باؤلنگ اٹیک کی تعریف کی۔ ایتھرٹن نے کہا کہ میرے خیال میں پاکستان فیورٹ ہوگا، مجھے لگتا ہے کہ ان کے پاس اس میچ کے لیے بہترین بائولنگ اٹیک موجود ہے، آپ اس بائولنگ اٹیک کے بارے میں سوچیں، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، سپنرز، ان کے پاس جو کمبی نیشن ہے اسے دیکھتے ہوئے لگتا ہے کہ وہ آج کا میچ جیتیں گے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم فائنل میں نیوزی لینڈ کا مقابلہ کرے گی جو مائیکل ایتھرٹن کے خیال میں تمام فارمیٹس کی مضبوط ترین ٹیم ہے۔انہوں نے کہا کہ کیویز ایک اور ورلڈ کپ فائنل میں پہنچ گئے ہیں، وہ 2019 کا ورلڈ کپ جیتنے سے تھوڑی ہی دور رہ گئے تھے، وہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے بھی فاتح ہیں۔ مائیکل ایتھرٹن نے نتیجہ اخذ کرتے ہوئے کہا کہ تمام فارمیٹس میں آپ کو یہ کہنا پڑے گا کہ نیوزی لینڈ اس وقت سب سے مضبوط ٹیم ہے جس کےلیے انہیں مبارک باد پیش کرتا ہوں، یہ کھلاڑیوں اور مالی لحاظ سے محدود وسائل کے باوجود ایک شاندار کامیابی ہے جس کے بارے میں ہم اکثر بات چیت کرتے رہتے ہیں ۔
یاد رہے کہ ابوظہبی میں ڈیرل مچل کے ناقابل شکست 72 اور جمی نیشم کی شاندار بلے بازی کی بدولت نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر بدھ کے روز اپنے پہلے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ۔ بلیک کیپس 2019ء میں 50 اوورز ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچی اور اس سال ہندوستان کو شکست دے کر افتتاحی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا ٹائٹل بھی جیتا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں