نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو شکست دےکر ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا

ابو ظہبی (پی این آئی) نیوزی لینڈ کی ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں انگلینڈ سے ورلڈ کپ 2019 کے فائنل کا حساب چکتا کردیا۔ سنسنی خیز مقابلے اور ہر لمحہ سانس روک دینے والی گیم کے بعد انگلینڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔

ابو ظہبی میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2020 کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے انگلینڈ کا 167 رنز کا ہدف پانچ گیندیں پہلے ہی پانچ وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ میچ کی دوسری اننگز کے شروع میں انگلینڈ کا پلڑا بھاری نظر آیا اور اس کے باؤلرز اہم مواقع پر وکٹیں لیتے رہے جس کے باعث کیوی بیٹرز پر پریشر بڑھتا چلا گیا۔یہ پریشر 17 ویں اوور میں اس وقت کم ہوا جب نیوزی لینڈ کے بیٹرز نے اس میں 23 رنز حاصل کیے۔ جمی نیشم اور ڈیرل مچل کی جوڑی نے وہ تباہ کن بلے بازی کی کہ انگلینڈ کے باؤلرز کیلئے گیند کرنا مشکل بنا دیا۔ دس اوورز تک صورت حال یہ تھی کہ 12 کی ایوریج سے سکور چاہئیں تھے لیکن پھر یہ فرق دونوں کے لاٹھی چارج کے باعث کم ہوتا چلا گیا۔

جمی نیشم 18 ویں اوور کی آخری گیند پر 11 گیندوں پر 27 رنز کی اننگز کھیل کر اوئن مورگن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔جمی نیشم کے آؤٹ ہونے کے باوجود ڈیرل مچل نے لاٹھی چارج کا سلسلہ جاری رکھا اور 73رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو یقینی شکست سے بچایا اور نہ صرف فائنل میں پہنچایا بلکہ 2019 کے ون ڈے ورلڈ کپ کے فائنل میچ کا بدلہ بھی لے لیا۔ قبل ازیں انگلینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 166رنز بنائے تھے ۔انگلینڈ نے اہم میچ میں اننگز کا محتاط آغاز کیا اور ابتدائی چار اوورز کے بعد شاٹس کھیلنا شروع کیں۔تاہم چھٹے اوور میں انگلینڈ کی پہلی وکٹ گری۔جونی بیئر13 رنز بناکر ایڈم ملنے کی گیند پر کپتان ولیمسن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔انگلینڈ کی دوسری وکٹ نویں اوور میں گری، ان فارم بلے باز جوس بٹلر 24 گیندوں پر 29 رنز بناکر ایش سوڈھی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔

انگلینڈ کی تیسری وکٹ 16ویں اوور میں گری ، ڈیوڈ میلان 30 گیندوں پر 41 رنز بناکر ٹم ساؤتھی کی گیند پر وکٹ کیپر ڈیوڈ کونوے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔انگلینڈ کی چوتھی وکٹ آخری اوور میں گری، لیم لونگ سٹون 10 گیندوں پر 19 رنز بنا کر جمی نیشیم کا نشانہ بنے۔معین علی نے اپنی شاندار ففٹی اننگز کے آخری اوور میں 36 گیندوں پر چوکا لگا کر مکمل کی،اس ورلڈکپ میں انکی یہ پہلی ففٹی تھی۔انگلینڈ کی جانب سے معین علی51 اور کپتان ایون مورگن چار رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا تھا۔انگلینڈ کے کپتان ایون مورگن کا کہنا تھا کہ ہم تاس جیتتے تو پہلے باؤلنگ ہی کرتے ،اچھی کرکٹ کھیل کر میچ کو جیتنے کی کوشش کریں گے۔ہم نے جیسن رائے کی جگہ سیم بلنگز کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔

نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کا کہنا تھا کہ ہم نے پہلے باؤلنگ کا فیصلہ بعد میں شبنم پڑنے کی وجہ سے کیا ہے کوشش کریں گے کہ انگلینڈ کو کم سے کم سکور پر روکیں، ہم نے گزشتہ میچ میں کھیلنے والی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔انگلینڈ کی کافی ٹیم مضبوط ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close