سیمی فائنل میچ میں حسن علی کو ڈراپ کریں گے یا نہیں؟ کپتان بابراعظم نے فیصلہ سنادیا

دبئی (پی این آئی) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سیمی فائنل میں حسن علی سے بلند توقعات وابستہ کرلیں۔دبئی میں ورچوئل پریس کانفرنس کے دوران بابراعظم نے کہا کہ حسن علی کو ڈراپ کرنے کا نہیں سوچ سکتا، پیسر ہمارے اہم بولر اور میچ ونر ہیں، کارکردگی میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں مگر وہ بڑے میچز کا کھلاڑی ہے، پوری ٹیم ان کو سپورٹ کر رہی ہے.

سیمی فائنل اور انشاء اللہ فائنل میں بھی حسن علی سے توقعات وابستہ ہیں۔کرکٹ میں ٹیم کے 11 کے 11 پلئیرز ایک ساتھ بہترین پرفارم نہیں کرتے، فخر زمان اپنے انداز میں کھیلتا ہے اور جب اس کا اچھا دن ہوتا ہے تو وہ تن تنہا میچ کا پانسہ پلٹ دیتا ہے۔ بابراعظم نے کہا کہ ورلڈ کپ میں جیت کا تسلسل برقرار رکھیں گے ، سیمی فائنل میں ہر کھلاڑی سو فیصد دینے کی کوشش کرے گا ، ابھی تک کے پانچوں میچز میں الگ الگ مین آف دی میچ ایوارڈ اس بات کا ثبوت ہے کہ کھلاڑی اپنی ذمہ داری نبھا رہے ہیں، جس تسلسل سے 5 میچز جیتے اسی کو سیمی فائنل میں آگے لے کر جائیں گے، ٹی ٹونٹی میں کوئی ٹیم کمزور نہیں ہوتی، ہم نے اچھی کرکٹ کھیلی ہے، اب مزید کوشش کا وقت آگیا ہے۔

قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ سے قبل گزشتہ مقابلوں میں تجربہ حاصل کرنے کا بھی موقع ملا، ورلڈ کپ کے لئے کپتان کی حیثیت سے بہترین کمبی نیشن چاہتا تھا ، ٹیم مرضی کی بن گئی تو میدان کے اندر اور باہر جرات سے فیصلے کئے۔ بابراعظم نے کہا کہ بائیو ببل میں مسائل ہوتے ہیں، ذہنی بوجھ رہتا ہے، منفی اثرات کا کھیل پر اثر پڑتا ہے، مشکل صورتحال میں مینجمنٹ مدد کرتی ہے، کھلاڑی بھی ایک دوسرے کی سپورٹ کرتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں