سکاٹ لینڈ کیخلاف عمدہ بیٹنگ، بابراعظم نے ایک میچ میں دو اعزاز اپنے نام کر لئے

شارجہ (پی این آئی) سکاٹ لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ایک ہی نصف سنچری سے دو اعزازات اپنے نام کرلیے۔بابر اعظم نے سکاٹ لینڈ کے خلاف 40 گیندوں پر ایک چھکے اور پانچ چوکوں کی مدد سے اپنی نصف سنچری مکمل کی جس کے ساتھ ہی وہ ایک ہی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں چار نصف سنچریاں سکور کرنے والے دنیا کے تیسرے کھلاڑی بن گئے۔

ان سے قبل آسٹریلیا کے میتھیو ہیڈن نے 2007 اور انڈیا کے ویرات کوہلی نے 2014 کے ورلڈ کپ میں چار ، چار نصف سنچریاں سکور کی تھیں۔ سکاٹ لینڈ کے خلاف نصف سنچری کے ساتھ بابر اعظم نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 میں سب سے زیادہ رنز سکور کرنے والے کھلاڑی کا بھی اعزاز حاصل کرلیا۔ ان سے قبل موجودہ ورلڈ کپ میں یہ اعزاز انگلینڈ کے جوز بٹلر کے پاس تھا جنہوں نے پانچ میچ کھیل کر 240 رنز بنائے تھے تاہم اب بابر اعظم کے رنز 264 ہو گئے ہیں۔واضح رہے کہ بابر اعظم نے سکاٹ لینڈ کے خلاف میچ میں 47 گیندوں پر 66 رنز بنائے اور بڑی شاٹ کھیلتے ہوئے باؤنڈری پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

close