آسٹریلیا یا انگلینڈ ؟ پاکستان کا سیمی فائنل میں مقابلہ کونسی ٹیم کیساتھ ہو گا؟ مداح دِل تھام لیں

اسلام آباد(پی این آئی)آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنانے کی جنگ متحدہ عرب امارات میں جاری ہے ۔ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں 6 ، 6 ٹیموں کو 2 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے جبکہ ہر گروپ میں شامل ٹیمیں پانچ میچز کھیلیں گی اور 2 ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔

گروپ 1 کی ٹاپ ٹیم گروپ 2 کی دوسرے نمبر والی جبکہ گروپ 1 کی دوسرے نمبر والی ٹیم گروپ 2 کی ٹاپ ٹیم سے سیمی فائنل کھیلے گی۔پاکستان گروپ 2 میں مسلسل 4 میچز جیت کر ٹاپ پر ہے جبکہ اس کا اگلا مقابلہ 7 نومبر کو اسکاٹ لینڈ کے خلاف ہے لیکن اس میچ کا پاکستان کی پوائنٹس ٹیبل پر پوزیشن پرکوئی فرق نہیں پڑے گا۔پاکستان گروپ 2 میں پہلے نمبر پر رہنے کی وجہ سے 11 نومبر کو دبئی میں سیمی فائنل کھیلے گا۔ تاہم سوال یہ ہے کہ پاکستان کا سیمی فائنل میں کس ٹیم سے ٹاکرا ہوسکتا ہے؟زیادہ امکان یہ ہے کہ پاکستان کا سیمی فائنل میں مقابلہ آسٹریلیا سے ہوگا۔گروپ 1 میں انگلینڈ 8 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، آسٹریلیا اور جنوبی افریقا 6،6 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود ہے جبکہ ویسٹ انڈیز، بنگلادیش اور سری لنکا ایونٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔

اگر پوائنٹس ٹیبل کی موجودہ صورتحال سپر 12 مرحلے کے آخر تک برقرار رہی یعنی انگلینڈ پہلے، آسٹریلیا دوسرے اورجنوبی افریقا تیسرے نمبر پر رہا تو سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ دوسرے نمبر والی ٹیم یعنی آسٹریلیا سے ہی ہوگا۔گروپ 1 میں انگلینڈ مسلسل 4 میچز جیت کر 8 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جبکہ اس کا آخری میچ جنوبی افریقا کے خلاف 6 نومبر کو ہے اگر انگلش ٹیم وہ بہت برے طریقے سے نہ ہاری تو نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر ٹاپ پر ہی رہے گی۔اس کا مطلب ہے کہ ممکنہ طور پر پاکستان کا سیمی فائنل میں انگلینڈ سے مقابلہ نہیں ہوسکتا۔ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ 1 کے میچ میں آج آسٹریلیا نے بنگلادیش کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔ آسٹریلیا نے جارحانہ بیٹنگ کی اور محض ساتویں اوور کی دوسری گیند پر ٹارگٹ پورا کرکے نہ صرف اپنا رن ریٹ بہتر کیا بلکہ گروپ میں دوسری پوزیشن پر بھی قبضہ کر لیا۔آسٹریلیا نے اپنا آخری میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف 6 نومبر کو کھیلنا ہے ۔

اگر آسٹریلیا اس میچ میں کامیابی حاصل کرلیتا ہے تو وہ 8 پوائنٹس کے ساتھ گروپ 2 میں دوسری پوزیشن پر ہی رہ سکتا ہے اور سیمی فائنل میں اس کا مقابلہ پاکستان سے ہوسکتا ہے البتہ ہار کی صورت میں اسے انگلینڈ اور جنوبی افریقا کے میچ میں جنوبی افریقا کی ہار کا انتظار کرنا پڑے گا اور سیی فائنل کا فیصلہ بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر ہوگا۔جنوبی افریقا نے اپنا آخری میچ انگلینڈ کے خلاف کھیلنا ہے۔ گروپ 1 میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے کے لیے جنوبی افریقا کو انگلینڈ کو بھاری مارجن سے شکست دینا ہوگی۔اگر جنوبی افریقا انگلینڈ کو ہراتا ہے اور آسٹریلیا ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنا میچ جیت جاتا ہے تو انگلینڈ، جنوبی افریقا اور آسٹریلیا تینوں ٹیموں کے 8،8 پوائنٹس ہوجائیں گے جس کے بعد بہترین نیٹ رین ریٹ کی بنیاد پر کوئی ایک ٹیم سیمی فائنل میں جگہ بنائے گی۔

اس کے علاوہ اگر آسٹریلیا اور جنوبی افریقا اپنے آخری میچ ہار جاتے ہیں تو دونوں ٹیموں کے 6،6 پوائنٹس ہوں گے البتہ آسٹریلیا بہترین نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر ممکنہ طور پر سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا اور اس کا مقابلہ 11 نومبر کو پاکستان سے ہوگا۔

 

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں