ویرات کوہلی کی چھُٹی، بھارتی کرکٹ ٹیم کا نیا کپتان کون ہو گا؟ ورلڈ کپ کے دوران ہی بڑی خبر آگئی

نئی دہلی (پی این آئی) بھارتی ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ ویرات کوہلی کے بعد روہت شرما کو بھارتی ٹیم کا کپتان دیکھنے کے خواہش مند ہیں۔کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق راہول ڈریوڈ نے اپنے حالیہ بیان میں یہ خواہش ظاہر کی ہے کہ وہ بھارت کے موجودہ کپتان ویرات کوہلی کے بعد روہت شرما کو ٹیم کا کپتان دیکھنا چاہتے ہیں۔

کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق راہول ڈریوڈ بھارتی ٹیم کے نائب کپتان روہت شرما کو آئی پی ایل میں کپتان کے فرائض انجام دینے پر ایک بہترین کپتان تصور کرتے ہیں اور وہ کوہلی کے بعد روہت کو ہی ٹیم کا نیا کپتان بنانا چاہتے ہیں۔یاد رہےکہ بھارتی کپتان ویرات کوہلی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے بعدکپتانی چھوڑنے کا اعلان کرچکے ہیں۔کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق بھارتی ٹیم نئے ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ مستقبل میں ٹیم کی ذمہ داریاں سونپنے کے لیے کے ایل راہول پر بھی غور کررہے ہیں اور ان کا ماننا ہےکہ کے ایل راہول گزشتہ دو سال سے مستقل مزاجی سے بیٹنگ کرنے والے بلے بازوں میں سے ایک ہیں لہٰذا انہیں بھی مستقبل میں ذمہ داریاں دینے کے حوالے سے زیر غور لایا جاسکتا ہے۔بھارتی ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ کا سفر ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے بعد بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز سے شروع ہوگا۔

واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے بعد بھارتی ٹیم کے موجودہ ہیڈ کوچ روی شاستری ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوجائیں گے جس کے بعد سابق کپتان راہول ڈریوڈ ان کی جگہ سنبھالیں گے، بھارتی ٹیم کے کوچنگ اسٹاف میں مزید تبدیلیاں کا بھی امکان ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close