ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ2021کے بعد کونسی بڑی کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کرنے جارہی ہے؟

اسلام آباد(پی این آئی)ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم دسمبر میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم تین ٹی20 اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلنے کے لیے نو دسمبر کو پاکستان پہنچے گی۔یہ میچز 13 سے 22 دسمبر تک نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

اس سے قبل مہمان ٹیم تین20 انٹرنیشنل میچز کھیلنے 2018 میں پاکستان آئی تھی جبکہ ویسٹ انڈیز نے آخری مرتبہ 2006 میں پاکستان میں ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کھیلی تھی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ ستمبر اکتوبر میں ہوم سیریز کی منسوخی کے بعد اب دسمبر میں ویسٹ انڈیز کا دورہ پاکستان ملک میں موجود شائقین کو سنسنی خیز اور پرجوش کرکٹ مقابلے دیکھنے کا موقع فراہم کرے گا۔ان کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز ہمیشہ سے پاکستان کرکٹ فینز کی پسندیدہ ٹیم رہی ہے۔ مجھے امید ہے کہ این سی او سی اس سیریز کے لیے تماشائیوں کو سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دے کر ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔

ویسٹ انڈیز کے میچز کا شیڈول
13 دسمبر: پہلا ٹی20 انٹرنیشنل میچ
14 دسمبر: دوسرا ٹی20 انٹرنیشنل میچ
16 دسمبر: تیسرا ٹی20 انٹرنیشنل میچ
18 دسمبر: پہلا ون ڈے انٹرنیشنل میچ
20 دسمبر: دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل میچ
22 دسمبر: تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل میچ

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close