پاکستان سے شکست کے بعد افغان سپنر راشد خان نے معافی بھی مانگ لی

شارجہ (پی این آئی) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان سے شکست کھانے پر افغان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی راشد خان نے اپنی افغان قوم سے معافی مانگ لی۔ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں راشد خان نے لکھا ” میں افغانستان سمیت پوری دنیا میں موجود مداحوں سے معافی مانگتا ہوں کہ فتح اور جیت کے جشن کے ذریعے آپ کے چہروں پر مسکراہٹیں نہیں لاسکے لیکن آپ کی حمایت اور دعائیں باقی میچز کیلئے بہت ضروری ہیں۔


“انہوں نے ان تمام مداحوں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے انہیں پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی 100 ویں وکٹ ملنے پر مبارک باد کے پیغامات بھیجے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ میں افغانستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔ راشد خان نے اس میچ میں انتہائی نازک صورت حال میں پاکستان کے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اس کے ساتھ انہوں نے ٹی 20 انٹرنیشنل میں 100 وکٹیں بھی مکمل کرلیں۔ وہ یہ کارنامہ سرانجام دینے والے دنیا کے چوتھے باؤلر ہیں۔ ان سے قبل بنگلہ دیش کے شکیب الحسن 117 اور سری لنکا کے لستھ ملنگا ٹی 20 کرکٹ میں 107 وکٹیں لے چکے ہیں۔ اس کے علاوہ نیوزی لینڈ کے ٹم ساؤتھی بھی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 100 وکٹیں لے چکے ہیں، انہوں نے بھی یہ سنگِ میل موجودہ ورلڈ کپ میں ہی عبور کیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close