قومی ٹی وی پر تلخ کلامی، انکوائری کمیٹی نے دونوں پر پابندی عائد کر دی

اسلام آباد(پی این آئی)ڈاکٹر نعمان نیاز اور شعیب اختر کے درمیان تلخ کلامی کا معاملہ۔پی ٹی وی سپورٹس پر ہونے والے واقعہ کی انکوائری جاری ہے۔جبکہ انکوائری مکمل ہو نے تک سابق کرکٹر شعیب اختر اور ڈاکٹر نعمان نیاز کو آف آئر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ کمیٹی جب تک انکوائری مکمل نہیں ہو جاتی اور واقعہ سے متعلق حقائق واضح نہیں ہوجاتے اس دوران دونوں افراد پی ٹی وی کے کسی بھی پروگرام کا حصہ نہیں ہونگے۔

شعیب اختر اور ڈاکٹر نعمان نیاز میں تلخ کلامی کے وقت ویو رچرڈز ،ڈیوڈگاور،عمر گل،راشد لطیف،اظہر محمود اور ثنا میر بھی موجود تھے۔ شو کے میزبان نے اس وقت بریک لے لی۔بریک کے بعد شعیب اختر واپس شومیں موجود تھے اور دونوں نے اس واقعہ کو مذاق قرار دیا۔ لیکن شعیب اختر نے بعد میں لائیو شو کے دوران ہی استعفیٰ دے دیا اور اٹھ کر چلے گئے تھے۔شعیب اختر اور نعمان نیاز کی ناراضی کے ویڈیو کلپ پر سوشل میڈیا صارفین نے حیرانی اور ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ لائیو شو میں لیجنڈ پلیئرز یا کسی بھی مہمان کے ساتھ ایسا رویہ نا مناسب ہے۔ سوشل میڈیا پر کلپ وائرل ہونے کے بعد شعیب اختر نے بھی لائیو شو کے واقعہ پر اپنا ردعمل دیا تھا۔ انہوں نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا ہے کہ مجھے لائیو شو میں چلے جانے کو کہہ دیا گیا۔

مجھے سمجھ نہیں آیا کہ ڈاکٹر نعمان نیاز نے ایسا کیوں کہا۔ انہوں نے کہا تھا کہ ٹی وی پر ایک سٹار کی یوں توہین مناسب نہیں،غیر ملکی اور قومی سٹارز کیا سوچیں گے کہ یہ کیا ہو رہا ہے۔میں نے بات سنبھالنے کی کوشش کی لیکن ڈاکٹر نعمان نیاز نے مجھ سے معافی نہیں مانگی اور کوئی چارہ نہیں تھا، اس لیے میں نے استعفیٰ دے دیا۔ دوسری جانب سرکاری ٹی وی کی انتظامیہ نےواقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کےلئے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی تھی ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close