شعیب اختر کیساتھ تلخ کلامی، ابتدائی انکوائری رپورٹ میں نعمان نیاز قصوروار قرار، سخت سزا سنا دی گئی

اسلام آباد(پی این آئی) انکوئری کمیٹی نے پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی ) کے اینکر پرسن نعمان نیاز کو انکوائری مکمل ہونے تک آف ایئر کر دیا ہے۔سرکاری ٹی وی پر نعمان نیاز اور شعیب اختر میں تلخی کے معاملے پر تحقیقات کمیٹی کا اجلاس ہوا، تحقیقاتی کمیٹی نے کہا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونےتک نعمان نیاز ٹرانسمیشن کی میزبانی نہیں کریں گے۔

نعمان نیاز کی جگہ کوئی اور اینکر پرسن پروگرام کرے گا۔واضح رہے کہ ڈاکٹر نعمان نیاز اور شعیب اختر میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے گئے میچ کے بعد آن آیئر تلخ کلامی ہوئی تھی اور نعمان نیاز نے شعیب اختر کو پروگرام سے باہر نکلنے کا کہا تھا۔ سرکاری سپورٹس ٹی وی پر سابق کرکٹر اور سٹار شعیب اختر سے بد تمیزی کرنے کے معاملے میں انکوائری کمیٹی کی ابتدائی رپورٹ میں میزبان نعمان نیاز کو قصور وار قرار دیدیا گیا۔ سرکاری ٹی وی کی انتظامیہ میزبان نعمان نیاز کے رویے سے سخت نالاں ہے ، انتظامیہ کے مطابق نعمان نیاز کو کچھ دن کے لئے آف آئیر کیا جا سکتاہے ۔واضح رہے کہ چند روز قبل شعیب اختر سرکاری سپورٹس چینل پر دیگر لیجنڈز کے ساتھ اپنا تجزیہ پیش کر رہے تھے کہ میزبان نعمان نیاز نے ان کی باتوں سے اتفاق نہ کرتے ہوئے انہیں اٹھ کر چلے جانے کا کہہ دیا تھا ، اس قدر ہتک آمیز رویے کے باوجود شعیب اختر نے شائستگی کے ساتھ اپنا کالر مائیک اتارا اور پروگرام چھوڑ کر چلے گئے ۔

میزبان نعمان نیاز کے اس انداز پر سابق ٹیسٹ کرکٹرز سمیت پاکستان بھر سے قومی سٹار کے حق میں آوازیں بلند ہونے لگیں اور یہ ٹویٹر کے ٹاپ ٹرینڈ میں شامل ہو گیا جبکہ نجی ٹی وی چیلنجز اور دیگر ذرائع ابلاغ کی جانب سے بھی سرکاری ٹی وی کے رویے کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔سرکاری ٹی وی کی جانب سے گزشتہ روز معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی تھی ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close