شارجہ (پی این آئی)پاکستان نے نیوزی لینڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دیدی ہے۔پاکستان نے 135 رنز کا ہدف اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر19 ویں اوور میں پورا کیا۔نیوزی لینڈ کے پہلے ہی اوور میں پاکستان کی جانب سے کپتان بابراعظم نے اپنی پہلی گیند پر شاندار چوکا لگا کر اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔مشکل پچ پر دونوں اوپنرز نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے محتاط انداز سے سکور کو آگے بڑھایا۔
کپتان بابر اعظم چھٹے اوور کی پہلی گیند پر نو رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔انکی وکٹ ٹم ساؤتھی نے حاصل کی۔بابر اعظم کے آؤٹ ہونے کے بعد فخر زمان بیٹنگ کے لیے آئے مگر وہ اپنا جادو نہ جگا سکے اور 17 گیندوں پر11 رنز بناکر کر ایش سوڈی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔محمد حفیظ چھ گیندوں پر 11 رنز بناکر سیٹنر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے ۔ محمد رضوان 12ویں اوور میں 34گیندوں پر 33 رنز بناکر ایش سوڈھی کی گیند پر ایل بھی ڈبلیو ہوئے۔عماد وسیم 12 گیندوں پر 11 رنز بناکر کرٹرینٹ بولٹ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔مشکل مرحلے میں آصف علی اور شعیب ملک کی جارحانہ بلے بازی نے پاکستان کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا،آصف علی نے ٹم ساؤتھی کو دو جبکہ شعیب ملک نے سیٹنر کو ایک چھکا لگا کر ٹارگٹ کو آسان بنادیا۔
پاکستان کی جانب سے شعیب ملک 27اورآصف علی 25 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے135 رنز کا ہدف دیا ہے۔نیوزی لینڈ کی ٹیم نے مقررہ 20 اوور میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر134 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے اس میچ میں بھی جارحانہ انداز میں باؤلنگ کا آغاز کیا گیا ، شاہین شاہ آفریدی کا پہلا اوور میڈن رہا۔عماد وسیم کے پہلے اوور میں سات رنز بنے جبکہ تیسرے اوور میں سکور 15 تک پہنچ گیا۔تیسرے اوور کے بعد نیوزی لینڈ کے بلے بازوں نے وکٹ کے چاروں اطراف شاٹس کھیلنا شروع کیں اور رن ریٹ کو بڑھایا۔چھٹے اوور کی دوسری گیند پر مارٹن گپٹل 20گیندوں پر 17 رنز بناکر حارث رؤف کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔پہلی وکٹ گرنے کے بعد اگلی دووکٹیں بھی جلد ہی گرگئیں۔
ڈیرل مچل 20 گیندوں پر 27 رنز بناکر عماد وسیم کا شکار بنے جبکہ جمی نیشیم کی وکٹ محمد حفیظ نے حاصل کی۔جمی نیشیم دو گیندوں پر ایک رنز بناسکے۔تین وکٹیں گرنے کے بعد کین ولیمسن اور کونوے نے جارحانہ بیٹنگ شروع کی اور پاکستانی سپنرز کے خلاف کھل کر شاٹس کھیلیں۔تاہم14ویں اوور کی پہلی گیند پر کپتان کین ولیمسن حسن علی کی تھرو پر رن آؤٹ ہوگئے۔نیوزی لینڈ کے سٹار بلے باز ڈیون کونوے18ویں اوور کی پہلی گیند پر 27 رنز بناکر حارث رؤف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، حارث رؤف کی گیند پر کپتان بابر اعظم نے انکا کیچ پکڑا۔18ویں کی تیسری گیند پر گلین فلپس 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، حارث رؤف کی گیند پر حسن علی نے انکا کیچ پکڑا۔ٹم سائفرٹ آٹھ گیندوں پر آٹھ رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کا نشانہ بنے، شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر محمد حفیظ نے انکا کیچ پکڑا۔نیوزی لینڈ کی جانب سے مچل سیٹنرچھ رنز بناکر اننگز کی آخری گیند پر حارث رؤف کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ایش سوڈی دو رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔قبل ازیں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا تھا۔شارجہ میں کھیلے جا رہے میچ میں گرین شرٹس کے حوصلے انتہائی بلند ہیں جس کی بڑی وجہ بھارت کے خلاف 10 وکٹوں سے شاندار کامیابی ہے۔ پاکستان ٹیم کی قیادت بابر اعظم کر رہے ہیں جب کیوی ٹیم کو شاہینوں سے لڑانے کیلئے کین ولیمسن نے کپتانی سنبھالی ہوئی۔یہ میچ اس لیے بھی پاکستان کے عوام کیلئے زیادہ اہم ہے کہ نیوزی لینڈ نے گزشتہ دنوں پاکستان میں سیریز کا پہلا میچ شروع ہونے سے آدھا گھنٹہ پہلے ہی راہِ فرار اختیار کرلی تھی جس کے بعد انگلینڈ کی ٹیم نے بھی پاکستان آنے سے انکار کردیا تھا۔
پاکستان کے ساتھ یہ سلوک کرنے والی دونوں ٹیمیں ایسی ہیں جن کی کرکٹ بچانے کیلئے پاکستان نے بڑی قربانی دی اور کورونا ویکسین آنے سے پہلے ان کے ملکوں میں جا کر کرکٹ کھیلی تھی۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم میں کپتان کین ولیمسن، مارٹن گپٹل، ڈیوڈ کینوے، فلپس، سیفرٹ ،ڈیرل مچل ، جیمی نیشیم، مچل سینٹنر، ٹم ساؤتھی،ٹرینٹ بولٹ اور ایش سوڈی شامل ہیں۔پاکستانی ٹیم میں کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، فخر زمان، محمد حفیظ، شعیب ملک،آصف علی، عماد وسیم، شاداب خان، حسن علی، حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں