سیاست الگ رکھیں، ہمیں بھارت سے کرکٹ کے تعلقات کی ضرورت ہے

لاہور(آئی این پی)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کے چیئرمین رمیز راجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو بھارت کے ساتھ کرکٹ کے تعلقات بنانے کی ضرورت ہے۔ رمیز راجہ دبئی سے واپسی کے بعد پی سی بی ڈیجیٹل سے بات کر رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ سے یقین رکھتے تھے کہ سیاست کو کھیلوں سے الگ رہنا چاہیے۔

رمیز راجہ نے بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا(بی سی سی آئی)کے عہدیداروں سے ملاقات کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے وہاں ایشیئن کرکٹ کونسل، ایشیا کپ اور ٹی 20انٹرنیشنل کرکٹ ٹورنامنٹ سے متعلق بھی ملاقاتیں کیں۔انہوں نے کہا کہ میں نے اے سی سی کے اجلاس کے دوران بی سی سی آئی کے صدر سارو گنگولی اور سیکریٹری جے شاہ سے ملاقات کی۔ ہمیں ایک کرکٹ بونڈ بنانے کی ضرورت ہے جبکہ میں یہ بھی سمجھتا ہوں کہ سیاست کو کھیل سے جتنا ممکن ہو دور رہنا چاہیے اور یہی ہمیشہ ہمارا موقف رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان انڈیا کرکٹ کی بحالی کے لیے بہت زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے لیکن دونوں بورڈز کے درمیان تعلقات خوش گوار ہونے چاہییں اور پھر ہم دیکھ سکتے ہیں کہ ہم کس حد تک جا سکتے ہیں۔مجموعی طور پر ہمارے درمیان اچھی بات چیت ہوئی۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ایشیئن کرکٹ کونسل نے اس بات کی منظوری دی ہے کہ پاکستان میں 2023میں ہونے والا کرکٹ ایونٹ 50اوورز کا مقابلہ ہوگا اور ستمبر میں منعقد ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان میں اس ٹورنامنٹ کی میزبانی کے منتظر ہیں اور مجھے یقین ہے کہ یہ ایک منظم تقریب ہوگی کیونکہ شائقین یہی چاہتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں