مشن ٹی20ورلڈ کپ، شاہینوں کا دستہ یو اے ای پہنچ گیا

لاہور/دبئی(آئی این پی)قومی اسکواڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے چارٹر طیارے سے متحدہ عرب امارات پہنچ گیا۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی اور دیگر اسٹاف خصوصی طیارے کے ذریعے دبئی روانہ ہوئے۔قومی ٹیم کا پہلا پڑاو دبئی میں ہوگا جہاں ایک روزہ آئسولیشن کے دوران کورونا ٹیسٹ کی رپورٹس منفی آنے پر کھلاڑیوں کو ٹریننگ کی اجازت مل جائے گی۔

میگا ایونٹ سے قبل پاکستان ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کیخلاف وارم اپ میچز بھی کھیلے گا۔پاکستانی ٹیم اپنا پہلا وارم اپ میچ 18اکتوبر کو ویسٹ انڈیز اور دوسرا وارم اپ میچ 20اکتوبر کوجنوبی افریقہ کیخلاف کھیلے گی۔قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ آپ کی سپورٹ ہر چیز سے زیادہ اہم ہے، اپنی ٹیم کے ساتھ رہیں، سپورٹ کرتے رہیں اور یقین رکھیں۔قومی اسکواڈ میں شامل 15کھلاڑی، 3ٹریول ریزرو اور سپورٹ اسٹاف کے ارکان دبئی میں ایک روز کی آئسولیشن مکمل کریں گے۔

قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کے کچھ ارکان کی فیملیز بھی متحدہ عرب امارات گئیہیں۔بولنگ کنسلٹنٹ ورنن فلینڈر نے لاہور میں ٹیم کو جوائن کیا جبکہ بیٹنگ کنسلٹنٹ میتھیو ہیڈن دبئی میں پاکستان ٹیم کو جوائن کریں گے۔متحدہ عرب امارات میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا آغاز 17اکتوبر سے ہو گا اور بابر اعظم کی قیادت میں پاکستان ٹیم 24اکتوبر کو بھارت کے خلاف اپنا پہلا میچ کھیلے گی۔ اعظم خان اور محمد حسنین کی جگہ سرفراز احمد اور حیدر علی کو 15 رکنی قومی سکواڈ کا حصہ بنایا گیا۔

ان کے علاوہ ٹریول ریزرو میں موجود فخر زمان کو خوشدل شاہ سے تبدیل کرکے پندرہ رکنی سکواڈ کا حصہ بنا لیا گیا۔ قومی ٹیم میںبابر اعظم (کپتان)،شاداب خان (نائب کپتان)، آصف علی، فخر زمان، حیدر علی، حارث رف، حسن علی، عماد وسیم، محمد حفیظ، محمد نواز، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد وسیم جونیئر، سرفراز احمد (متبادل وکٹ کیپر)شاہین شاہ آفریدی، اور صہیب مقصود شامل ہیں۔ریزرو کھلاڑیوں میں خوشدل شاہ، شاہنواز دھانی اور عثمان قادر کو رکھا گیا ہے۔

ٹی20ورلڈ کپ میں 24اکتوبر کو پاکستان کا مقابلہ انڈیا کیساتھ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ہو گا،26اکتوبر کو پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ،شارجہ کرکٹ سٹیڈیم،29اکتوبر کو پاکستان بمقابلہ افغانستان، دبئی،2نومبر کو پاکستان بمقابلہ اے ٹو ابوظہبی،7 نومبر کو پاکستان بمقابلہ بی ون،شارجہ میں کھیلا جائیگا۔10نومبر کو پہلا سیمی فائنل ابوظہبی،11نومبر کو دوسرا سیمی فائنل دبئی جبکہ 14نومبرکوفائنل دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائیگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close