بھارت آئی سی سی کی فنڈنگ روک دے توپاکستان کی کرکٹ ختم ہوجائیگی

اسلام آباد(آئی این پی)چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میں بھارتی لابی مضبوط ہے، اگر انڈیا آئی سی سی کی فنڈنگ روک دے تو پاکستان کی کرکٹ ختم ہوجائے گی۔نیوزی لینڈ اورانگلینڈ دورہ منسوخی پر آئی سی سی کو سخت خط لکھا‘انگلینڈ کے یہاں نہ آنے پر وزیر اعظم بورس جانسن کو جواب دینا پڑا‘کیوی ٹیم واپس جانے پر دباؤ کا شکار، دورہ ری شیڈول سے متعلق جلد اچھی خبر ملے گی‘ویسٹ انڈیز

اور آسٹریلیا کے دورے برقرار ہیں، اب آسٹریلیا پاکستان کا دورہ منسوخ کرنے سے پہلے سو بار سوچے گا‘پاکستان ٹیم کو نمبر ون بنانا چاہتے ہیں، جب تک ٹیم نمبر ون نہیں بنے گی کسی کی کوئی کارکردگی نہیں۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی امور کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے پاکستان کر کٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے کہا کہ چیئرمین شپ کی پوسٹ چیلنج سمجھ کر قبول کی تاہم اب ورلڈ کپ میں بہترین کارکردگی دکھائیں گے، کرکٹ واحد کھیل ہے جس کی عالمی لیول پر اچھی ساکھ ہے تاہم کرکٹ بورڈ میں پیسہ صفر اور گالیاں زیادہ ہیں جب کہ ملک کی کرکٹ کو درست سمت میں لانے میں وقت درکار ہے۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ بتایا گیا کہ نیوزی لینڈ نے سیکیورٹی خدشات پر دورہ منسوخ کیا،

سکیورٹی ایجنسیز نے خدشات پوچھے تو نیوزی لینڈ حکام نے نہیں بتایا، برطانوی ہائی کمشنر نے بتایا کہ اتنے سنجیدہ سکیورٹی خطرات نہیں تھے۔ آئی سی سی سیکیورٹی حکام کے مطابق پاکستان میں سب سے بہترین اسپورٹس سکیورٹی ہوتی ہے لہذا اس معاملہ میں ہمارا کوئی قصور نہیں تھا۔رمیز راجہ نے کہا کہ ہم نے انگلینڈ کی کورونا کے دنوں میں دورہ کرکے مدد کی، بدقسمتی سے ہماری مدد کرنے کوئی نہیں آیا، اگر سیریز ری شیڈولنگ ہوئی تو نقصانات کم ہوجائیں گے ۔رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میں بھارتی لابی مضبوط ہے، ہماری 50 فیصد اور آئی سی سی کی 90 فیصد فنڈنگ انڈیا سے آتی ہے، اگر انڈیا کا وزیراعظم آئی سی سی کی فنڈنگ روک دے تو پاکستان کی کرکٹ ختم ہوجائے گی۔رمیز راجہ نے

کہا کہ پاکستان ٹیم کو نمبر ون بنانا چاہتے ہیں، جب تک ٹیم نمبر ون نہیں بنے گی کسی کی کوئی کارکردگی نہیں۔چیئرمین رمیز راجہ نے کہا کہ نیوزی لینڈ اورانگلینڈ دورہ منسوخی پر آئی سی سی کو سخت خط لکھا، برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کو جواب دینا پڑا ۔ ہمارے دباؤ سے نیوزی لینڈ دورہ ری شیڈول کررہی ہے اگلے ہفتے اچھی خبر سامنے آئے گی۔چیئرمین پی سی بی نے مزید واضح کیا کہ ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کے دورے برقرار ہیں، اب آسٹریلیا پاکستان کا دورہ منسوخ کرنے سے پہلے سو بار سوچے گا۔رمیز راجہ نے ڈومیسٹک کرکٹ کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ سکول سمیت گراس روٹ لیول پر توجہ دینے کی اہمیت پر زور دیا، اس حوالے سے ڈومیسٹک کرکٹرز کے معاوضوں کو بڑھا کر ایک لاکھ روپے کرنے اور اسپانسرز تلاش کرنے کا بھی ذکر کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں