راشد خان افغان کرکٹ ٹیم کی کپتانی سے مستعفی، نیا کپتان کون ہو گا؟ بڑا اعلان کر دیا گیا

کابل (پی این آئی) افغانستان کرکٹ بورڈ نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کی قیادت سے راشد خان کے استعفے کے بعد نئے کپتان کا اعلان کردیا۔ افغان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق راشد خان کی جگہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں محمد نبی ٹیم کی قیادت کریں گے۔ باقی اسکواڈ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

کپتانی سے استعفیٰ دینے والے راشد خان بھی اسکواڈ میں موجود ہیں۔خیال رہے کہ افغان کرکٹر راشد خان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کی قیادت سے دستبردار ہوگئے ہیں۔راشد خان نے قیادت چھوڑنے کا فیصلہ افغانستان کرکٹ ٹیم کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اسکواڈ کے اعلان کے چند گھنٹوں بعد کیا۔راشد خان نے کہا کہ ورلڈکپ کیلئے اعلان کردہ ٹیم میں میری مشاورت شامل نہیں تھی بطور کپتان ٹیم کے انتخاب میں میری رائے ضروری تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ میں افغانستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت چھوڑنے کا اعلان کرتا ہوں، افغانستان کیلئے کھیلنا ہمیشہ ایک اعزاز کی بات رہی ہے۔خیال رہے کہ آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا آغاز 17 اکتوبر سے یو اے ای میں ہوگا تاہم طالبان کی جانب سے خواتین کو کرکٹ سمیت کسی ایسے کھیل میں شمولیت کی اجازت نہ دینے جس میں جسم کی نمائش ہوتی ہو، کے بیان کے بعد تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔آسٹریلیا نے کہا ہے کہ اس بیان کے بعد افغانستان اور آسٹریلیا کے درمیان تاریخی ٹیسٹ میچ منسوخ کیا جاسکتا ہے جبکہ آسٹریلوی ٹیسٹ کپتان ٹم پین کا کہنا ہے کہ ٹیمیں اس وجہ سے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا بائیکاٹ کرسکتی ہیں یا پھر ایونٹ میں افغانستان کیخلاف کھیلنے سے انکار کرسکتی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close