کابل (پی این آئی) راشد خان افغان کرکٹ ٹیم کی کپتانی سے مستعفی، ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے منتخب کردہ اسکواڈ کے حوالے سے تحفظات کے بعد افغان آل راونڈر کا ٹیم کی کپتانی چھوڑنے کا فیصلہ۔تفصیلات کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے انعقاد سے قبل افغانستان کی کرکٹ ٹیم شدید مشکلات کا شکار ہو گئی۔
افغان میڈیا کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے ٹیم کے کپتان مقرر کیے جانے والے راشد خان نے اختلافات کے باعث اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ راشد خان ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے منتخب کردہ افغان کرکٹ ٹیم سے خوش نہیں تھے۔ راشد خان کے مطابق ٹیم کے انتخاب کیلئے ان سے کسی قسم کی مشاورت نہیں کی گئی۔ کپتان ہونے کی وجہ سے ٹیم سلیکشن سے متعلق ان کی رائے لی جانی چاہیے تھی، تاہم ایسا نہیں کیا گیا۔اسی اعتراض کے باعث راشد خان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں افغان کرکٹ ٹیم کی کپتانی کرنے سے معذرت کر لی، تاہم وہ ٹیم کا حصہ ہی رہیں گے۔یہاں واضح رہے کہ افغانستان کے اندرونی حالات کی وجہ سے افغان کرکٹ ٹیم کا مستقبل پہلے سے ہی خطرات سے دوچار ہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے افغانستان کیساتھ تاریخی ٹیسٹ میچ منسوخ کرنے کی دھمکی دی گئی ہے، جبکہ آئی سی سی نے بھی افغانستان کی خواتین کرکٹ ٹیم پر پابندی عائد کرنے کی اطلاعات کے بعد شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں