شائقین کرکٹ کیلئے بڑی خبر، پاکستان بمقابلہ ویسٹ انڈیز ٹی ٹونٹی سیریز کے شیڈول میں تبدیلی کا امکان

لاہور(آئی این پی) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین ٹی ٹونٹی سیریز کے شیڈول میں تبدیلی کا امکان ہے کیونکہ ونڈیز اپنا آخری ون ڈے میچ 26 جولائی کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین پانچ میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز 27 جولائی سے شیڈول تھی لیکن ونڈیز اور آسٹریلیا کے مابین دوسرا ون ڈے نان پلیئنگ ممبرکا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی وجہ سے ٹاس کے بعد جمعرات کو ملتوی کردیا گیا تھا۔ دونوں ٹیموں کے تمام کھلاڑیوں اور عہدیداروں کا کورونا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد اب ون ڈے سیریز 24 جولائی کو دوبارہ شروع ہوگی اور 26 جولائی کو اختتام پذیر ہوگی۔دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ون ڈے وہیں سے شروع ہو گا جہاں روکا گیا تھا یعنی ٹاس ہو چکا ہے اور آسٹریلیا کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرے گی۔ایک بیان میں کرکٹ ویسٹ انڈیز (سی ڈبلیوآئ) نے کہا ہے کہ وہ آنے والے دنوں میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے ملاقات کرکے میچ کے شیڈول میں کسی بھی ضروری تبدیلیوں پر تبادلہ خیال کرے گا۔پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان 5 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کا آغاز منگل سے برج ٹاؤن بارباڈوس سے ہو رہا ہے اس لیے امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ سیریز کے شیڈول میں تھوڑا رد و بدل کیا جا سکتا ہے، میچ ایک روز آگے کیا جا سکتا ہے لیکن باقاعدہ اعلان اگلے چند گھنٹوں میں متوقع ہے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ویسٹ انڈیز کیخلاف آئندہ سیریز کے لئے بارباڈوس پہنچی ہے۔قومی ٹیم کو ویسٹ انڈیز کے خلاف 5 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے پہلے 2 میچز 27 ، 28 جولائی کو کینسنٹن اوول ، بارباڈوس اور باقی 3 میچز 31 جولائی ، یکم اگست اور 3 اگست کو پروویڈنس سٹیڈیم ، گیانا میں شیڈول ہیں۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین پہلا ٹیسٹ 12 سے 16 اگست اور دوسرا ٹیسٹ 20 سے 24 اگست تک سبائینا پارک ، جمیکا میں کھیلا جانا ہے جس کے بعد 25 اگست کو قومی ٹیم وطن واپس روانہ ہوگی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close