پاکستان بمقابلہ انگلینڈ سیریز پاکستان میں دکھائی جائیگی یا نہیں؟ شائقین کرکٹ کیلئے بڑی خبر

اسلام آباد (پی این آئی ) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں مقیم ایک ٹی وی چینل کے ذریعے آئندہ پاکستان بمقابلہ انگلینڈ سیریز کی براہ راست کوریج کو ممکن بنایا گیا ہے ، اس سے قبل ہندوستانی نیٹ ورکس کے ذریعے اس سیریز کو ٹیلی کاسٹ کے آپشن کو مسترد کردیا گیا تھا۔ جمعہ کے روز ایک انگریزی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ 8 جولائی سے انگلینڈ کے خلاف پاکستان کی ایک روزہ اور ٹی ٹونٹی میچوں کی براہ راست کوریج کے لئے برطانیہ میں مقیم ایک ٹی وی چینل کے ساتھ معاہدہ ہوا ہے۔فواد چوہدری کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگرچہ ان کے پاس معاہدے کے بارے میں تفصیلات نہیں ہیں لیکن برطانیہ میں مقیم چینلز نے جو فیس وصول کی ہے وہ اس سے زیادہ ہے جو ہندوستانی نیٹ ورکس نے پہلے درخواست کی تھی۔ یہ خبر اس وقت سامنے آئی ہے جب وفاقی کابینہ نے مقامی طور پر میچوں کو نشر کرنے کے لئے دو ہندوستانی ٹی وی چینلز کی خدمات کی منظوری کے آپشن کو مسترد کردیا تھا۔ 9 جون کو وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس کے دوران بھارتی نیٹ ورک کو مسترد کرنے کے فیصلے کے بعد ، چوہدری نے کہا تھا کہ کرکٹ سیریز کو نشر کرنے کے حوالے سے پی ٹی وی کے لئے ایک بحران جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔

close