کرکٹ شائقین کیلئے خوشخبری، 18برس بعد نیوزی لینڈ ٹیم کا پاکستان کا دورہ

آکلینڈ(آئی این پی)پاکستان کے کرکٹ شائقین کے لیے خوشخبری ہے کہ نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم 18برسوں کے بعد ستمبر اکتوبر میں پاکستان میں وائٹ بال کرکٹ سیریز کھیلے گی۔نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ وائٹ نے کہا ہے کہ اگر سکیورٹی کے انتظامات تسلی بخش ہوئے تو ان کی کرکٹ ٹیم رواں سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل پاکستان کا دورہ کرے گی۔ ڈیوڈ وائٹ کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ پاکستان میں کرکٹ بورڈ اور وہاں کی حکومتی ایجنسیوں کے ساتھ رابطے میں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سب کچھ ٹھیک جا رہا ہے، سکیورٹی کے تمام انتظامات کو یقینی بنایا جانا، جو کہ میں سمجھتا ہوں کہ ہم کر لیں گے، ہم پاکستان کے دورے پر جائیں گے۔نیوزی لینڈ کے کرکٹ بورڈ کو امید ہے کہ ان کی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل پاکستان میں مختصر فارمیٹ کی کرکٹ سیریز کھیل سکے گی۔اس سیریز سے دونوں ٹیموں کے کھلاڑی عالمی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے تیاری کا آغاز کر سکیں گے جو رواں برس اکتوبر میں منعقد کیا جا رہا ہے۔پاکستان میں کرکٹ بورڈ انتظامیہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل انگلینڈ کی ٹیم کے ساتھ بھی مختصر فارمیٹ کی سیریز کھیلنے کا شیڈول بنا چکی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں