اختلافات میں شدت،بیٹنگ کوچ یونس خان مستعفی ہو گئے

لاہور(آئی این پی)پاکستان کرکٹ بورڈ اورقومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ یونس خان نے باہمی اتفاق رائے سے راہیں جدا کرلی ہیں۔ یونس خان کو گزشتہ سال نومبر میں 2 سال کے لیے بیٹنگ کوچ مقرر کیا گیا تھا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہناہے کہ یونس خان جیسی قدآور اور تجربہ کار شخصیت کو کھونا افسوسناک ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں فریقین نے طویل مشاورت کے بعد باہمی اتفاق رائے سے راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ مختصر دورانیہ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے یونس خان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں ، پرامید ہیں کہ وہ اپنے تجربے اورقابلیت کے تبادلے کے لیے مستقبل میں بھی پی سی بی کو دستیاب ہوں گے۔پی سی بی اور یونس خان نے اس معاملے پر مزید کسی بھی تبصرے سے گریز کرنے پر اتفاق کیا ہے۔لہٰذا، دورہ انگلینڈ میں قومی کرکٹ ٹیم کو بیٹنگ کوچ کی خدمات میسر نہیں ہوں گی تاہم دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے یونس خان کے متبادل کا فیصلہ مناسب وقت پر کیا جائے گا۔دوسری جانب بیٹنگ کوچ یونس خان اور پی سی بی کے درمیان اختلافات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی سے شدید اختلافات یونس خان کی مینجمنٹ سے علیحدگی کی وجہ بنے، مختلف اختلافات کی وجہ سے یونس خان نے دورہ انگلینڈ سے قبل لاہور کے بائیو سکیور ببل میں بھی رپورٹ نہیں کی،ذرائع کے مطابق یونس خان نے ببل میں تاخیر سے رپورٹ کرنا تھی اور اس دوران بورڈ کے اعلی عہدیدار اختلافات ختم کرنے کی کوشش کرتے رہے تاہم فریقین میں اختلافات کم نہ ہوسکے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یونس خان کو متعدد امور پر پی سی بی انتظامیہ سے اختلافات تھے، جنوبی افریقا کے خلاف ہوم سیریز سے پہلے محمد یوسف کو کیمپ میں بھیجنا بھی یونس خان کو ناگوار گزرا تھا ، این ایچ پی سی کے کوچز اور ان کے طریقے پر بھی یونس خان کو تحفظات تھے جس پر چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے ذاتی کوششوں سے یونس خان کو بیٹنگ کوچ کے لیے رضا مند کیا تھا۔ذرائع نے بتایا کہ ماضی میں یونس خان نے انڈر 19کا کوچ بننے سے منع کیا تھا اور تین برس قبل وہ اکیڈمی میں مناسب کمرہ نہ ملنے پر کوچنگ کورس چھوڑ کر چلے گئے تھے جب کہ 2006میں اچانک یونس خان کپتانی سے بھی دستبردار ہو گئے تھے، اپنے پلیئنگ ڈیز میں بھی یونس خان اور پی سی بی کے تعلقات ناخوشگوار رہتے تھے، یونس خان کا کوچ کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالنے ناقدین کے لیے حیران کن تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بیٹنگ کوچ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر محمد یوسف کو وقتی طور پر ذمہ داریاں سونپی جاسکتی ہیں۔قومی کرکٹ ٹیم کا دورہ انگلینڈ25 جون سے 20 جولائی تک شیڈول ہے۔اس دورے میں 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز شامل ہیں۔ قومی کرکٹ ٹیم 21 جولائی کو ویسٹ انڈیز روانہ ہو گی، جہاں اسے 24 اگست تک 5 ٹی ٹونٹی اور 2 ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close