پی ایس ایل 6، اسلام آباد یونائیٹڈ پلے آف مرحلے میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی

ابوظہبی(آئی این پی)اسلام آباد یونائیٹڈ پی ایس ایل 6 کے پلے آف کے لیے کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔ پاکستان سپر لیگ سکس کے دلچسپ مقابلے ابوظبی میں جاری ہیں جہاں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پلے آف کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔ 2016 اور 2018 کی پی ایس ایل چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ 8 میچز میں 12 پوائنٹس حاصل کرکے پہلی پوزیشن پر ہے، پشاور زلمی 10 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور لاہور قلندرز اتنے ہی پوائنٹس لے کر تیسرے نمبر پر ہے، یہ دونوں ٹیمیں بھی 8، 8 میچز کھیل چکی ہے۔ملتان سلطانز کی ٹیم 6 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے، دفاعی چیمپئن کراچی کنگز کی 6 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں پوزیشن ہے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 4 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر آخری نمبر پر ہے۔دوسری جانب پی ایس ایل کا اہم میچ آج کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلا جائے گا، پلے آف کی امیدوں کو زندہ رکھنے کیلئے سرفراز الیون کو آج کا میچ جیتنا لازمی ہے، شکست کی صورت میں پی ایس ایل کے بقیہ میچز کوئٹہ کی ٹیم کے لیے بے معنی ہوجائیں گے۔ ملتان سلطانز کیلئے آج کا میچ نہایت اہمیت کا حامل ہے، اگر سلطانز کو آج کے مقابلے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تو پلے آف تک رسائی کیلئے انہیں آخری دونوں میچ بڑے مارجن سے جیتنا ہوں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close