آئی سی سی آئی اور آئی سی اے کی طرف سے سائیکل ریس کا انعقاد، سائیکل کلچر کو فروغ دے کر حکومت اربوں روپے کی بچت کر سکتی ہے، سردار یاسر الیاس خان

اسلام آباد (پی این آئی) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے اسلام آباد سائیکلنگ ایسوسی ایشن (آئی سی اے) کے تعاون سے ایک سائیکل ریس کا انعقاد کیا تاکہ شہریوں میں صحت مند سرگرمی کو فروغ دیا جاسکے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر یاسر الیاس خان نے ڈی چوک اسلام آباد سے

سائیکل ریس کا افتتاح کیا اور اختتامی تقریب میں ریس جیتنے والوں میں شیلڈز، ایوارڈز اور نقد انعامات تقسیم کئے۔چیمبر کی سینئر نائب صدر فاطمہ عظیم، نائب صدر عبدالرحمٰن خان، سابق صدر محمد اعجاز عباسی،  حافظ بلال، جاوید اقبال، عمر حسین، محمد شاکر، خالد چوہدری اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سائیکل ریس ڈی چوک سے شروع ہوئی اور جناح ایوینیو، سینٹورز فلائی اوور، میک ڈونلڈز چوک، سروس روڈ ایسٹ ایف ٹین اور بولان گیٹ (ایف ٹین سائیڈ) سے ہوتی ہوئی ایف نائن پارک اسلام آباد پر اختتام پذیر ہوئی۔ 17 سال سے اوپر پیشہ وار مرد حضرات، 40سال سے اوپر شوقیہ مرد حضرات، 17سال سے اوپر شوقیہ خواتین، 9 سال سے لے کر 16 سال تک کے لڑکے اور لڑکیوں جبکہ 8 سال اور اس سے کم عمر کے بچوں نے سائیکل ریس میں حصہ لیا۔ سائیکل ریس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ   حکومت بڑے شہروں میں سائیکلنگ کے فروغ پر خصوصی توجہ دے کیونکہ اس سے عوام کی صحت بہتر ہونے کے ساتھ ساتھ شہروں میں ٹریفک کا رش کم ہو گا اور ٹرانسپورٹ کی وجہ سے پیدا ہونے والی فضائی آلودگی بھی کم ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ سائیکلنگ کا فروغ معاشرے کے لئے متعدد فوائد پیدا کرے گا کیونکہ سائیکل چلانے والوں میں فالج، ہارٹ اٹیک، کینسر، ڈپریشن، ذیابیطس، موٹاپا سمیت دیگرسنگین بیماریوں میں کمی ہو گی اور ایک صحت مند معاشرہ فروغ پانے سے معیشت بھی بہتر ترقی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بڑے شہروں میں ٹریفک کے رش اور فضائی آلودگی جیسے مسائل کو حل کرنے کیلئے چین، جاپان، برطانیہ، ناروے، سویڈن، جرمنی اور ڈنمارک سمیت متعدد

ممالک نے شہریوں میں سائیکل کے ذریعے سفر کرنے کی حوصلہ افزائی کی ہے لہذا حکومت پاکستان کو بھی اس طرف زیادہ توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے پر سالانہ اربوں روپے خرچ کرتی ہے جبکہ شہریوں میں سائیکل کلچر کو فروغ دے کر ان اخراجات میں نمایاں کمی جا سکتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سی ڈی اے اسلام آباد میں سائیکلنگ اور جاگنگ کے لئے الگ مخصوص ٹریک تعمیر کرے تاکہ شہریوں میں ورزش کا رجحان بڑھا کر صحت مند معاشرے کو فروغ دیا جا سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں