کونسے دو پاکستانی کھلاڑی ہمارے لئے خطرہ ہیں؟ فاف ڈوپلیسی نے اعتراف کر لیا

کراچی (پی این آئی) جنوبی افریقی ٹیم کے سینیئر بیٹسمین فاف ڈو پلیسی کا کہنا ہے کہ وہ پاکستانی سرزمین پر پاکستان سے ٹف سیریز کی توقع رکھتے ہیں، ماضی میں جنوبی افریقا کا ریکارڈ اچھا ضرور رہا ہے لیکن وہ پرانی بات ہوئی، اب بہت کچھ بدل چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی دو ایسے کرکٹرز

ہیں جو جنوبی افریقہ کے لیے خطرہ ثابت ہوسکتے ہیں۔ہفتے کو ٹریننگ سیشن کے بعد آن لائن پریس کانفرنس میں فاف ڈو پلیسی نے کہا کہ جنوبی افریقی ٹیم کیلئے ایک چیلنج یہ ہے کہ اسکا کوئی کھلاڑی پاکستان میں پہلے ٹیسٹ نہیں کھیلا اس لیے کنڈیشنز کا اندازہ نہیں مگر ٹیم نے پاکستان کیخلاف سیریز کی ہر زاویے سے تیاری کی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر دیکھا جائے تو پاکستان اور جنوبی افریقا دونوں ہی ٹیمیں متوازن ہیں، دونوں کے پاس نوجوان کھلاڑیوں کی اکثریت ہے اور تجربہ کار پلیئرز کم ہیں لیکن پاکستان بطور ہوم ٹیم ہمیشہ خطرناک ہوتی ہے۔ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کی واپسی پاکستان ٹیم کے لیے کافی حوصلہ افزا ہوگی، بابر اعظم اور شاہین شاہ ا?فریدی دو ایسے کرکٹرز ہیں جو جنوبی افریقہ کے لیے خطرہ ثابت ہوسکتے ہیں۔ پہلے ٹیسٹ کے لیے پاکستان کی ممکنہ پلیئنگ الیون سامنے آگئی۔ ٹاپ آرڈر بلے باز عمران بٹ اور سپنر نعمان علی 26 جنوری سے جنوبی افریقہ کے خلاف کراچی میں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں ممکنہ طور پر اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کریں گے ۔ قائداعظم ٹرافی میں پچھلے دو سیزنز کے دوران نعمان اور عمران ٹاپ پرفارمنس دینے والے کھلاڑیوں میں شامل تھے۔ عابد علی عمران بٹ کے ساتھ اننگز کا آغاز کریں گے جب کہ سابق کپتان اظہر علی اپنے معمول کے تین نمبر پر بیٹنگ کریں گے۔مڈل آرڈر میں کپتان بابراعظم ، بائیں ہاتھ کے کھلاڑی فواد عالم اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان بیٹنگ کریں گے۔ فہیم اشرف پاکستان لائن اپ میں واحد آل راؤنڈر ہوں گے۔ پیس اٹیک کی قیادت حسن علی کریں گے جو قومی ٹیم میں واپسی کررہے ہیں

جب کہ ان کا ساتھ شاہین آفریدی دیں گے۔تجربہ کار لیگ سپنر یاسر شاہ نعمان علی کے ساتھ سپن بولنگ ڈیپارٹمنٹ کا چارج سنبھالیں گے۔دوسرا ٹیسٹ راولپنڈی میں 4 فروری سے شیڈول ہے۔ ٹیسٹ سیریز کے بعد 11 ، 13 اور 14 فروری کو لاہور میں تین ٹی ٹونٹی میچ کھیلے جائیں گے۔ کورونا وائرس کے عالمی بحران کے باعث یہ سیریز شائقین کے بغیر کھیلی جائے گی۔ پہلے ٹیسٹ کے لئے ممکنہ قومی الیون میں عابد علی ، عمران بٹ ، اظہر علی ، بابر اعظم ، فواد عالم ، محمد رضوان ، فہیم اشرف ، حسن علی ، نعمان علی ، یاسر شاہ اور شاہین آفریدی شامل ہوں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں