پاکستان سپر لیگ پی ایس ایل کے میزبان شہروں کی فہرست میں پشاور کے اضافے کا بھی فیصلہ، پی سی بی نے پلاننگ کر لی

پشاور (پی این آئی)پاکستان سپر لیگ پی ایس ایل کے میزبان شہروں کی فہرست میں پشاور کے اضافے کا بھی فیصلہ، پی سی بی نے پلاننگ کر لی،پاکستان کرکٹ بور ڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میزبان شہروں کی فہرست میں پشاور کے اضافے کا بھی فیصلہ کرلیا ہے جس کے بعد آئندہ سے لیگ کے

میچز ملک کے 5 مختلف شہروں میں منعقد ہوں گے۔پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے بتایا کہ پی سی بی کی کوشش ہے کہ کراچی، لاہور، ملتان اور اسلام آباد کے بعد اب پشاور میں بھی پی ایس ایل کے میچز کرائے جائیں تاکہ ہوم اینڈ اوے کے ماڈل کی طرف بڑھاجاسکے۔وسیم خان کا کہنا تھا کہ اس سال پی ایس ایل کے پاکستان میں انعقاد سے 5 لاکھ سے زائد افراد نے اسٹیڈیم میں میچز دیکھے، کورونا وائرس وبا کی وجہ سے رہ جانے والے بقیہ 4 میچز نومبر میں کرانے کی پلاننگ ہے لیکن اس کے لیے ماحول کا صحت کے حوالے سے سازگار ہونا ضروری ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے سی ای او نے مزید کہا کہ نومبر میں زمبابوے کی ٹیم کو بھی پاکستان کا دورہ کرنا ہے جس میں 3 ون ڈے اور تین ٹوئنٹی میچز شامل ہیں، اگر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ نہیں ہوا تو کسی ملک کے ساتھ دو طرفہ سیریز کی پلاننگ ہوسکتی ہے، دیگر ملک بھی ایسی پلاننگ کریں گے لیکن ابھی سب آئی سی سی کی جانب سے ورلڈ کپ پر فیصلے کے منتظر ہیں۔پاکستان سپر لیگ پر مزید بات کرتے ہوئے وسیم خان نے کہا کہ پی ایس ایل پاکستان میں کرانا ایک چیلنج تھا، لوگ کہہ ضرور رہے تھے کہ پورا پی ایس ایل پاکستان لے آئیں گے لیکن کہنے میں اور کرنے میں فرق ہے کیوں کہ کافی عرصہ کرکٹ نہ ہونے کی وجہ سے ہمارا انفرا اسٹرکچر نہیں تھا لیکن پی سی بی کی ٹیم نے بھرپور محنت کی اور ٹورنامنٹ کرایا۔انہوں نے پی ایس ایل فرنچائز مالکان کو بھی بھرپور خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وہ پی ایس ایل کے اہم شراکت دار ہیں اور انہوں نے پاکستان کرکٹ کے لیے بھاری سرمایہ لگایا ہے، گلے شکوے تو ہر گھر میں بھی ہوتے ہیں، کوشش ہوتی ہے کہ معاملات افہام و تفہیم کے ساتھ چلے ، جولائی میں بھی پی ایس ایل فرنچائز مالکان سے بات ہوگی جس میں میچز کے یو اے ای سے پاکستان شفٹ ہوجانے کے بعد فنانشل ماڈل کے ریویو پر بھی غور ہوسکتا ہے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close