کپل شرما شو‘ میں زبردستی قہقہے لگائے جانے کا اعتراف

ممبئی(پی این آئی)کپل شرما شو‘ میں زبردستی قہقہے لگائے جانے کا اعتراف ۔۔۔بھارت کی اداکارہ ارچنا پورن سنگھ نے بھارت کے مقبول کامیڈی شو ’دی کپل شرما شو‘ میں ڈائریکٹر کے کہنے پر زبردستی قہقہے لگائے جانے کا اعتراف کرلیا۔30 مارچ کو آن لائن اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس پر کپل شرما کی اپنی ٹیم کے ہمراہ ’دی گریٹ انڈین کپل شو‘ کے ذریعے واپسی ہوئی ہے اور اسی حوالے سے ارچنا پورن سنگھ نے بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیا۔انہوں نے کامیڈی شو میں خود کے ہونے کے حوالے سے کہا کہ ‘مجھے نہیں معلوم تھا کہ ایک دن میں اپنی ہنسی کی وجہ سے مشہور ہو جاؤں گی، ایک اداکار کے طور پر میں ہمیشہ اپنی اداکاری پر دھیان دیتی آئی ہوں اور سوچتی تھی کہ کامیاب ہوں گی لیکن دیکھیں قسمت کہاں لے آئی۔اداکارہ نے کہا کہ ‘یہ (شو میں قہقہے لگانا) دنیا کا سب سے بہترین کام ہے،

میں ہنستی ہوں اور اس کے پیسے سیدھا میرے بینک اکاؤنٹ میں جاتے ہیں، میں اس وقت زندگی کا بہترین وقت گزار رہی ہوں، لوگ کپل کا شو دیکھنے کے لیے ترستے ہیں، لائیو شو میں آنے کے لیے پتا نہیں کیا کیا کرتے ہیں اور میں بطور مہمان سامنے بیٹھ کر شو دیکھتی ہوں، یہ میرے لیے شاندار چیز ہے’۔جب ان سے برے لطیفوں پر بھی ہنسنے سے متعلق پوچھا گیا تو ارچنا نے کہا کہ ‘اب ایسا نہیں ہوتا ، لوگ کہتے تھے کہ ارچنا جان بوجھ کر ہنستی ہے، میں بھی اس پر خوش نہیں ہوتی تھی لیکن میکرز کا ماننا تھا کہ اگر کوئی لائن بہت عام سی بولی جارہی ہے اور اس پر ارچنا ہنسے تو یہ لوگوں کو ہنسا سکتا ہے’۔انہوں نے کہا ‘لیکن ایسا نہیں ہوا، لوگ مجھے پاگل سمجھنے لگے کہ یہ ہر چیز پر ہی ہنس دیتی ہے، اب میں واقعی اُن لائنز پر ہی ہنستی ہوں جو مجھے مزاحیہ لگتی ہیں’۔ارچنا پورن سنگھ نے اپنی ہنسی شو میں ایڈٹ کرکے چلائے جانے کا بھی انکشاف کیا۔واضح رہے کہ دی گریٹ انڈین کپل شو میں کپل شرما سمیت ارچنا پورن سنگھ، کیکو شاردا، سنیل گروور اور کرشنا ابھیشیک کو بھی دیکھا جا سکے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close