بالی ووڈ اداکار رندیپ ہودا نے اچانک ساتھی اداکارہ سے شادی کا اعلان کر دیا

نئی دہلی(پی این آئی ) بالی ووڈ اداکار رندیپ ہودا نے اپنی گرل فرینڈ اور اداکارہ و ماڈل لین لائشرام کے ساتھ اپنی شادی کی تاریخ کا اعلان کردیا ہے۔رندیپ ہودا اور لِین لائشرام نے اپنی شادی کی تاریخ کا اعلان کرنے کے لیے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر مشترکہ پوسٹ کا اشتراک کیا جس میں اس جوڑی نے کہا کہ “ہم رواں ماہ 29 نومبر کو امفال منی پور میں اپنے اہلخانہ اور قریبی دوستوں کی موجودگی میں شادی کریں گے”۔

پوسٹ میں کہا گیا کہ ہمارا استقبالیہ ممبئی میں ہوگا جس میں رشتے دار، اہلخانہ اور قریبی دوست شرکت کریں گے۔اُنہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی شادی کی خبر آپ سب کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے بہت زیادہ خوشی ہورہی ہے۔بالی ووڈ جوڑی کی پوسٹ پر اُن کے مداحوں اور فنکاروں کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کیا جارہا ہے۔رندیپ ہودا اور لائشرام نے اپنی شادی کی تاریخ کا اعلان کرنے کے بعد اپنے انسٹاگرام اکاوْنٹ پر اپنی نئی تصاویر بھی پوسٹ کیں جنہیں مداحوں کی جانب سے بہت پسند کیا جارہا ہے۔واضح رہے کہ بھارتی ریاست منی پور سے تعلق رکھنے والی 37 سالہ لین لائشرام ایک ماڈل اور اداکارہ ہیں، اُنہوں نے سال 2007 میں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی فلم ’اوم شانتی اوم‘ سے اپنے فلمی کیریئر کی شروعات کی تھی۔لین لائشرام نے سال 2014 میں پریانکا چوپڑا کے ساتھ فلم ’میری کوم‘ بھی کی تھی۔

close