ماہانہ 15 ہزار سے کم آمدنی رکھنے والے 50 سالہ مرد، 45 سالہ خواتین فنکار سرکاری امداد کے لیے درخواست دیں

ساہیوال(آئی این پی ) محکمہ انفارمیشن اینڈ کلچر پنجاب نے آرٹسٹ سپورٹ فنڈ23 ۔2022 کیلئے درخواستیں طلب کرلی ہیں۔ فنکاروں کی فلاح و بہبود کیلئے قائم کئے گئے اس فنڈ میں فلم‘ ٹی وی‘ ریڈیو‘ تھیٹر‘ موسیقی‘ رقص‘ مصوری‘ خطاطی‘ مجسمہ سازی‘ تکنیکی شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے فنکار درخواستیں دے سکتے ہیں۔ یہ بات ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل نے ایک پریس ریلیز میں بتائی۔ انہوں نے کہا کہ وہ فنکار جن کی عمر کی حد کم ازکم 50سال مرد کیلئے اور 45سال خواتین کیلئے اور ماہانہ آمدنی 15ہزارسے کم ہووہی درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔

درخواستیں پنجاب کونسل آف دی آرٹس ساہیوال ڈویژن(جناح ہال) اور پنجاب کونسل آف دی آرٹس 53 شادمان 2 لاہور میں بھجوانا ہوں گی۔ درخواست فارم کونسل کے دفتر اور فیس بک آفیشل پیج sahiwalartscouncil سے بھی لیے جا سکتے ہیں۔اس کے علاوہ محکمہ اطلاعات و ثقافت کی جانب سے متعارف کردہ گوگل ایپ میں فنکار ڈاؤن لوڈ کر کے براہ راست اندارج بھی کر سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ معذور افراد عمر کی قید سے مستثنیٰ ہیں تاہم معذوری کو ثابت کرنے کیلئے سرکاری سرٹیفکیٹ کا ہونا لازمی ہے۔

درخواست کے ساتھ دو تصاویر‘ شناختی کارڈ کی کاپی‘ متعلقہ شعبہ میں تجربے کا سرٹیفکیٹ کی کاپی‘ فن کے مظاہرہ کی تصاویر اور مکمل طور پر شدہ فارم ارسال کریں نامکمل درخواست نااہلیت تصور کی جائے گی۔ یاد رہے کہ درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 22 اگست 2022ء ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close