عامر لیاقت کی سابقہ اہلیہ سیدہ بشریٰ کا شوہر کے انتقال پر بیان سامنے آگیا

کراچی (پی این آئی) عامر لیاقت کی سابقہ اہلیہ سیدہ بشریٰ کا شوہر کے انتقال پر بیان سامنے آگیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے جاری بیان میں عامر لیاقت کی سابقہ اہلیہ سیدہ بشریٰ نے لکھا کہ میرے سابقہ شوہر عامر لیاقت حسین انتقال کرگئے ہیں،ان کی نماز جنازہ آج 10 جون کو بعد نماز جمعہ دوپہر 2 بجے جامع مسجد عبداللہ شاہ غازی کلفٹن پر ادا کی جائے گی اور وہیں مزار کے احاطے میں ان کی تدفین ہوگی۔سیدہ بشریٰ نے کہا کہ آپ سب سے دعائے مغفرت کی درخواست ہے ، اللہ پاک مرحوم کے درجات بلند فرمائے۔

دوسری جانب رکن قومی اسمبلی مرحوم عامر لیاقت کی اہلیہ دانیہ ملک نے اپنے شوہر عامر لیاقت کی وفات پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، انہوں نے کہا کہ ہماری تو آپس میں بہت جلد صلح ہونے والی تھی، حکومت مجھے سکیورٹی فراہم کرے تاکہ مرحوم کا آخری دیدار کر سکوں۔جیو نیوز کے مطابق انہوں نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ مجھے عامر لیاقت حسین کی وفات پر دکھ اور افسوس ہے، وزیراعلیٰ سندھ اور پنجاب سے درخواست ہے کہ مجھے سکیورٹی فراہم کی جائے، سکیورٹی دی جائے تاکہ عامرلیاقت کا آخری دیدار کر سکوں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری تو آپس میں بہت جلد صلح ہونے والی تھی۔ اس سے قبل دانیہ ملک کی والدہ سلمیٰ بیگم نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عامر لیاقت کی اچانک وفات کا سن کر ہمیں افسوس ہوا۔تین چار دن پہلے عامر لیاقت کا صلح کے لیے فون آیا تھا۔خلع کے کیس کے بعد عامر لیاقت شروع دن سے صلح کرنا چاہتے تھے۔میں نے ان کو کہا کہ معاملہ کافی بگڑ گیا۔آپ پہلے خود کو سنبھالیں پھر دیکھیں گے۔عامر لیاقت صلح کا سن کر کافی خوش تھے،کہا کہ گاؤں آکر معافی مانگوں گا۔انہوں نے کہا کہ ابھی طلاق نہیں ہوئی تھی۔عدالت بھی صلح کا موقع دیتی۔ان سے سوال کیا گیا کہ کیا عامر لیاقت کی موت کے حوالے سے آپ سے بھی تفتیش کی جائے گی۔جس کے جواب میں سلمیٰ بیگم نے کہا ہم سے پولیس کیا تفتیش کرے گی،

ہم تو عامر لیاقت کے ساتھ نہیں رہ رہے تھے۔ہم کوئی بڑے لوگ نہیں جو عامر لیاقت پر دباؤ ڈالتے۔اگر حکومت ہمیں سیکیورٹی دے تو عامر لیاقت کی تدفین کے لیے کراچی جائیں گے۔ وہ ہمارا بیٹا تھا، ہمارا داماد تھا اور دانیہ ابھی تک اس کے نکاح میں ہے۔ خیال رہے کہ رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین انتقال کر گئے ہیں ، پی ٹی آئی کے منحرف رکن قومی اسمبلی گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے ، عامر لیاقت حسین کی میت کا پوسٹ مارٹم کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد عامر لیاقت حسین کی موت کی وجہ سامنے آئے گی تاہم ملازمین کا کہنا ہے کہ عامر لیاقت کی طبعیت گذشتہ رات سے خراب تھی ، انہیں دل میں تکلیف محسوس ہو رہی تھی۔

دوسری جانب میڈیا رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ عامر لیاقت حسین کے گھر میں دھواں بھرا ہوا تھا ، بظاہر ان کی موت دم گھٹنے سے ہوئی ، ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ عامر لیاقت کو مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا تھا ، موت کی وجہ معلوم کرنے کیلئے مختلف ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔ ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا ہے کہ عامر لیاقت کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد موت کی وجہ معلوم ہو گی، ان کے حوالے سے اطلاع دوپہر ایک بجے ملی تھی ، عامر لیاقت کے ساتھ دو ملازمین رہائش پذیر تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں