لتا منگیشکر کی آخری رسومات کے دوران شاہ رخ خان کی ایسی تصویر سامنے آگئی کہ نیا تنازعہ کھڑا ہو گیا

ممبئی(پی این آئی)انڈیا کی لیجنڈری گلوکارہ لتا منگیشکر کی آخری رسومات میں وزیراعظم نریندر مودی سمیت ملک کی بڑی شخصیات نے شرکت کی۔اتوار کو ہونے والی آخری رسومات میں بالی وڈ کی دیگر بڑی شخصیات کے ساتھ ساتھ شاہ رخ خان نے بھی شرکت کی۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو کلپ میں بالی وڈ کے بادشاہ کہلانے والے اداکار لتا منگیشکر کی میت پر کچھ پڑھ کر پھونکتے ہوئے بھی نظر آئے۔

 

لیکن انڈیا میں دائیں بازو کی جماعتوں کے حامی لوگ شاہ رخ خان پر لتا منگیشکر کی میت پر تھوکنے کا الزام لگا رہے ہیں۔انڈیا کی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی سے منسلک ارن یادیو نے شاہ رخ خان کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے سوال کیا کہ ’کیا انہوں نے تھوکا ہے؟‘چیرو بھٹ نامی صارف نے بھی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے شاہ رخ خان پر لتا منگیشکر کی میت پر تھوکنے کا الزام لگایا۔تاہم دیگر سوشل میڈیا صارفین شاہ رخ خان کے ناقدین کو ٹوئٹر پر بتارہے ہیں کہ بالی وڈ کے بادشاہ دراصل لتا منگیشکر کی میت پر کچھ پڑھ کر پھونک رہے تھے۔انڈین ٹی وی اینکر گارگی راوت نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’دعا پڑھ کر پھونک مارنے جیسے اچھے عمل کو غلط رنگ دیا جارہا ہے۔‘سمینہ نامی صارف نے لکھا کہ ’شاہ رخ خان دعا پڑھ رہے ہیں اور لتا جی کی میت پر پھونک رہے ہیں اگلی دنیا میں حفاظت اور دعاؤں کے لیے۔

‘انڈین فلم میکر اشوک پنڈت نے بھی شاہ رخ خان پر الزام لگانے والوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے لکھا کہ ان پر تھوکنے جیسا جھوٹا الزام لگایا جارہا ہے۔لتا منگیشکر طویل علالت کے بعد اتوار کی صبح ممبئی میں 92 سال کی عمر میں انتقال کرگئیں تھیں۔ اتوار کو ممبئی کے بریچ کینڈی ہسپتال کے ڈاکٹر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا انتقال آج صبح تقریباً آٹھ بجے ہوا۔لتا منگیشکر کے انتقال پر انڈین حکومت کی جانب سے دو روزہ قومی سوگ منانے کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ پرچم بھی سرنگوں رہے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close