کورونا مریض دن میں تین بار سورۃ رحمٰن کی تلاوت سنیں، بھارتیوں کو مہلک وبا سے بچنے کیلئے طریقہ تجویز کر دیا گیا

لاہور (پی این آئی) کورونا کی تباہ کاریاں، اداکارہ نور نے ہندوستانیوں کو سورۃ الرحمٰن کی تلاوت سُننے کا مشورہ دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے پڑوسی ملک بھارت میں کورونا وائرس کی تباہ کاریوں پر سابقہ اداکارہ نور بخاری کی جانب سے ردعمل دیا گیا ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر جاری ایک پیغام میں نور بخاری نے کورونا کی تباہ کاریوں کا سامنے کرنے والے ہندوستانیوں کو قرآن پاک کی آیت سننے کا مشورہ دیا۔انسٹاگرام پر جاری پیغام میں نور بخاری نے کہا کہ آپ روزانہ دن میں تین بار سورۃ الرحمٰن کی تلاوت سُنیں، اگر کوئی ایسا شخص ہے جس کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے، اُسے لازمی سورۃ الرحمٰن کی تلاوت سُنائیں، گھروں میں رہیں اور محفوظ رہیں۔واضح رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کی صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے۔گزشتہ روزصرف 24 گھنٹوں میں 23 اپریل کو کورونا وائرس کے 3 لاکھ 32 ہزار 730 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ 2263 مریض انتقال کر گئے ۔ یہ اعداد و شمار دنیا میں یومیہ کیسز کی سب سے زیادہ تعداد بھی ہے۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بھارت میں ایک کروڑ 60 لاکھ سے زائد افراد اس وبا کا شکار ہوچکے ہیں جب کہ اموات کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 86 ہزار 920 ہوچکی ہے۔دہلی حکومت کے آن لائن ڈیٹا بیس کے مطابق دو تہائی سے زائد اسپتال مکمل طور پر بھر چکے ہیں۔ عوام کو بلا ضرورت گھر سے نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایات کی جا رہی ہیں ۔ دوسری جانب وبا کی تیزی سے بگڑتی صورتحال کے باعث ملک میں صحت کا نظام بری طرح متاثر ہوگیا ہے۔ کئی اسپتالوں میں آکسیجن کی مصنوعی قلت بھی پیدا کی جا رہی ہے جس سے اسپتالوں میں موجود کئی مریضوں کی حالت تشویشناک بھی ہوئی۔اسپتالوں میں جگہ کی کمی کی وجہ سے بھارت میں کئی شہری اسپتالوں کے سامنے ہی پگڈنڈیوں اور فُٹ پاتھ پر سونے پر مجبور ہو گئے ہیں۔خیال رہے کہ بھارت کے کئی بڑے شہر کورونا کی نئی لہر کی لپیٹ میں ہیں۔ کئی ریاستوں میں اسپتالوں میں کورونا متاثرین کے لیے جگہ نہیں جب کہ کئی اسپتالوں میں آکسیجن کی کمی سے مریض جان کی بازی ہاررہے ہیں۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ بھارت میں عالمی وبا کورونا کے باعث اب تک ایک کروڑ 60 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں اور ایک لاکھ 86 ہزار سے زائد اموات بھی ہو چکی ہیں۔ گذشتہ روز بھارتی ریاست مہاراشٹر کے کورونا کئیر سینٹر میں آتشزدگی سے کورونا وائرس سے متاثر 13 مریض ہلاک ہوگئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close