سندھ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ کل سے کراچی میں ڈبل ڈیکر بس سروس کا آغاز کیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر شرجیل میمن نے اورنج لائن کو گرین لائن سے جوڑنے کے منصوبے کا افتتاح کیا اور اورنگی ٹاؤن میں اورنج لائن ڈپو کا بھی جائزہ لیا۔ میڈیا سے گفتگو میں شرجیل میمن نے کہا کہ یہ پاکستان کی پہلی بی آر ٹی ہے جس میں ایک ہی کارڈ سے دونوں لائنز پر سفر ممکن ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں روزانہ ایک لاکھ مسافر اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ سینئر وزیر نے مزید بتایا کہ اب گرین اور اورنج لائن کے مسافروں کو علیحدہ کرایہ دینے کی ضرورت نہیں ہوگی، ایک ہی کارڈ پر دونوں لائنز کی سروس استعمال کی جا سکے گی۔
شرجیل میمن نے بتایا کہ ڈبل ڈیکر بسیں فی الحال تجرباتی بنیاد پر محدود پیمانے پر چلائی جائیں گی۔ پہلے مرحلے میں یہ بسیں ملیر سے شارع فیصل تک سفر کریں گی اور کرایہ پیپلز بس کے برابر رکھا گیا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ڈبل ڈیکر بسیں نہ صرف عوام کے لیے سہولت کا باعث ہوں گی بلکہ سڑکوں پر جگہ کی بچت بھی کریں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریڈ لائن منصوبے میں مشکلات کے باوجود وزیراعلیٰ نے مسائل کا حل نکالا ہے اور چار کلومیٹر کے اورنج لائن منصوبے پر کام شروع ہو چکا ہے۔ نئے روٹس اور ای وی بسیں بھی جلد عوام کے لیے دستیاب ہوں گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






