سندھ میں تیاری مکمل

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے فلڈ ایمرجنسی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کو سیلابی صورتحال کیلئے مکمل تیاری اور الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ یکم ستمبر سے سندھ کے مختلف اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی ہے جبکہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب گڈو بیراج سے سات سے آٹھ لاکھ کیوسک پانی کا ریلا گزرنے کا امکان ہے۔ اس صورتحال میں 52 ہزار سے زائد خاندان متاثر ہوسکتے ہیں۔ پی ڈی ایم اے حکام کے مطابق شمالی اضلاع میں 72 اور جنوبی اضلاع میں 106 ریسکیو بوٹس سمیت مچھر دانیاں، کمبل، فرسٹ ایڈ کٹس، کچن سیٹ، میٹرس، خیمے، ڈی واٹرنگ پمپس اور جنریٹرز وافر مقدار میں موجود ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ ریسکیو 1122 کا 30 ہزار سے زائد عملہ تعینات کیا جائے، دریا کے کناروں پر 500 سے زائد کیمپ قائم کیے جائیں اور نجی سیکٹر سے بھی ضروری مشینری حاصل کی جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں انسانوں اور جانوروں کو نقصان نہ پہنچے۔ اجلاس میں صوبائی وزرا شرجیل میمن، مخدوم محبوب زمان، چیف سیکریٹری اور دیگر حکام شریک ہوئے جبکہ وزیر آبپاشی جام خان شورو، مکیش چاولہ اور محمد بخش مہر نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ رائٹ و لیفٹ بینک کے ارکان اسمبلی اور ڈویژنل کمشنرز نے بھی اجلاس میں آن لائن شمولیت اختیار کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close